دو سال بعد اس عید پر فلمیں ریلیز ہوں گی

پاکستان میں دو سال بعد اور تقریباً 5 عیدوں کے بعد پہلی بار عید الفطر کے موقع پر کم از کم 4 اردو فیچر فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔

پاکستان میں آخری بار 2019 میں عید الاضحیٰ کے موقع پر سینماؤں میں فلمیں ریلیز ہوئی تھیں، جس کے بعد مارچ 2020 میں کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے سینما بند کردیے گئے تھے۔

سال 2020 اور 2021 میں آنے والی عیدوں پر سینما میں فلمیں ریلیز نہیں کی گئی تھیں جب کہ پاکستان میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم نہ ہونے کے باعث فلموں کو آن لائن بھی ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔

گزشتہ دو سال تک عید کے موقع پر پاکستانی شائقین ٹیلی فلموں سے ہی محظوظ ہوتے رہے، تاہم اس بار عید الفطر کے موقع پر بیک وقت مداح 4 رومانٹک کامیڈی مصالحہ فلمیں سینما پر دیکھ سکیں گے۔

ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد نومبر 2021 میں ہی سینما کھولے گئے تھے اور چند پاکستانی فلمیں ریلیز بھی کی گئی تھیں مگر اب عید کے موقع پر کامیڈی مصالحہ فلمیں ریلیز کی جائیں گی، جن کا مداح کافی عرصے سے انتظار کر رہے ہیں۔

اس عید پر صبا قمر اور زاہد احمد کی کامیڈی ایکشن فلم گھبرانا نہیں ہے، ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی کامیڈی مصالحہ فلم پردے میں رہنے دو، نیلم منیر اور احسن خان کی مصالحہ کامیڈی فلم چکر جب کہ امر خان اور عمران اشرف کی مصالحہ انٹرٹینمنٹ فلم دم مستم کو ریلیز کیا جائے گا۔

’پردے میں رہنے دو‘

ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی رومانوی مزاحیہ فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کو کہانی کے اعتبار سے اب تک پاکستان کی سب سے منفرد فلم قرار دیا جا رہا ہے، اس فلم میں شادی شدہ جوڑے کے ہاں اولاد نہ ہونے جیسے مسئلے کو موضوع بنایا گیا ہے۔

فلم ساز وجاہت رؤف کی ہدایت کاری میں بنائی گئی فلم کی کہانی محسن علی نے لکھی ہے۔

مسٹری تھرلر مصالحہ فلم ’چکر‘

اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر کی جانب سے مشترکہ طور پر پروڈیوس کردہ مسٹری مصالحہ تھرلر فلم ’چکر‘ میں نیلم منیر اور احسن خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نیلم منیر کا ڈانس نمبر گانا بھی شامل ہے۔

’دم مستم‘

اداکار عدنان صدیقی کی پروڈیوس کردہ پہلی فلم ’دم مستم‘ کی کہانی امر خان نے ہی لکھی ہے اور وہ فلم میں عمران اشرف کے ہمراہ ایکشن میں نظر آئیں گی۔

’دم مستم‘ کی کہانی امر خان اور عمران اشرف کے رومانس اور بچپن کے پیار، دوستی اور لڑائیوں کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کی ہدایات ’سپر اسٹار‘ کی ہدایات دینے والے محمد احتشام الدین نے دی ہے جب کہ اسے عدنان صدیقی کے ہمراہ اختر حسنین نے پروڈیوس کیا ہے۔


’گھبرانا نہیں ہے‘

سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشہور جملے ’گھبرانا نہیں ہے‘ پر بنائی جانے والی رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم میں صبا قمر اور زاہد احمد مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

’جے بی پروڈکشن اور جیو فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم کی دیگر کاسٹ میں سید جبران، نیر اعجاز، افضل خان (ریمبو)، سہیل احمد اور ثاقب خان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم کو نیوپلیکس سینما کے مالک، صنعت کار جبران بیگ اور حسن ضیا نے پروڈیوس کیا ہے۔

error: