Site icon Dunya Pakistan

سیف علی خان نے پہلی اہلیہ کو طلاق کیوں دی؟ بیٹی نے ڈیڑھ دہائی بعد بتادیا

بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان نے والدین کی طلاق کی ڈیڑھ دہائی بعد بتایا ہے کہ ان کے درمیان کیوں علیحدگی ہوئی تھی۔

سیف علی خان اور ان کی پہلی اہلیہ اداکارہ امریتا سنگھ کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی، اس وقت دونوں کو دو بچے سارہ اور ابراہیم علی خان بھی تھے۔

ان کی طلاق کے معاملے پر اگرچہ بہت ساری قیاس آرائیاں اور خبریں شائع ہوتی رہتی ہیں اور سارہ علی خان ماضی میں اس پر مبہم انداز میں بات بھی کر چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے اس پر کھل کر بات کی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سارہ علی خان نے جلد ہی ووٹ کے پروگرام ’فیٹ اپ ود اسٹارز‘ کے تیسرے سیزن میں دکھائی دیں، جس میں انہوں نے کیریئر اور ذاتی زندگی سمیت والدین کی طلاق پر بھی بات کی۔

سارہ علی خان نے والدین کی طلاق کی ڈیڑھ دہائی بعد انکشاف کیا کہ دراصل ان کے والدین ازدواجی زندگی سے ناخوش تھے اور ان کے درمیان علیحدگی ناگزیر بن گئی تھی، جس وجہ سے وہ الگ ہوئے۔

سارہ علی خان کے مطابق ان سمیت ان کے بھائی کی زندگی پر والدین کی طلاق کے اثرات نہیں پڑے اور وہ والدہ کے ہمراہ رہی جب کہ والد ہمیشہ ان کے لیے فون پر دستیاب رہے اور وہ جب چاہتیں ان سے ملنے جایا کرتی تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے والدین کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور دونوں کا ایک ساتھ رہنا مشکل ہوگیا تھا، جس وجہ سے انہوں نے ایک اچھا فیصلہ کرکے علیحدگی اختیار کی۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی طلاق پر نہ صرف وہ دونوں بلکہ ان کے بچے یعنی سارہ اور ان کا بھائی بھی بہت خوش تھے اور ان کی زندگی سکون سے گزری۔

اداکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے والدین کے درمیان اختلافات کیوں ہوئے تھے؟—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے والدین کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن وجوہات کی وجہ سے ان میں اختلافات ہوئے؟

اداکارہ نے پروگرام میں اپنی سوتیلی والدہ اداکارہ کرینہ کپور اور سوتیلے بھائیوں تیمور اور جے علی خان سے تعلقات پر بھی بات کی اور بتای اکہ وہ ان سے ملنے جایا کرتی ہیں اور اہم مواقع پر ان کے گھر ہی ہوتی ہیں۔

سارہ علی خان چھوٹے خان کی سب سے بڑی صاحبزادی ہیں جو چند سال سے بولی وڈ میں کام کر رہی ہیں اور اب اپنا الگ مقام بنا چکی ہیں، انہوں نے رنویر سنگھ اور ورون دھون جیسے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔

اداکارہ کے مطابق ان کے سوتیلی ماں کرینہ اور سوتیلے بھائیوں کے ساتھ اچھے تلعقات ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

سارہ علی خان کی والدہ امریتا سنگھ ماضی کی مقبول اداکارہ ہیں اور وہ شوہر سیف علی خان سے عمر میں 13 سال تک بڑی تھیں۔

بھارتی میڈیا میں سیف اور امریتا کی عمر میں فرق کو بھی طلاق کا ایک سبب قرار دیا گیا، دونوں نے 1991 میں شادی کی اور 2004 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

طلاق کے 8 سال بعد سیف علی خان نے خود سے 10 سال کم عمر کرینہ کپور سے 2012 میں شادی کی، جن سے انہیں 2016 میں بیٹا تیمور علی خان اور 2020 میں جے علی خان ہوا۔

سیف علی خان کو کرینہ کپور سے دو بیٹے اور امریتا سنگھ سے بیٹے ابراہیم علی خان سمیت بیٹی سارہ علی خان ہیں۔

Exit mobile version