شہزادہ ہیری دوبارہ شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے، شاہی محل

برطانوی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ اب 36 سالہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل دوبارہ کبھی شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے۔

شہزادہ ہیری نے جنوری 2020 کے آغاز میں ہی شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے ان کے فیصلے کی تائید کی تھی۔

پر مارچ 2020 میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل باضابطہ طور پر شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوکر شاہی محل سے باہر چلے گئے تھے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شاہی ذمہ داریوں سے آزاد ہونے کے بعد ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے تھے اور اب وہ امریکا میں عام حیثیت کی زندگی گزار رہے ہیں۔‎

مارچ 2020 میں جب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کی تھی، اس وقت ان کے اور ملکہ برطانیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ ایک سال تک اگر جوڑا چاہے تو واپس اپنی ذمہ داریاں دوبارہ نبھا سکتا ہے۔

تاہم اب ایک سال گزرنے کے بعد شاہی محل نے تصدیق کی ہے کہ ہیری اور میگھن مارکل اب کبھی بھی شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق شاہی محل نے 19 فروری کو جاری بیان میں تصدیق کی کہ اب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل دوبارہ کبھی بھی شاہی ذمہ داریاں حاصل نہیں کر پائیں گے۔

شاہی خاندان کے فرد ہونے کے ناطے ہیری ہمیشہ شہزادے رہیں گے—فائل فوٹو: اے پی
شاہی خاندان کے فرد ہونے کے ناطے ہیری ہمیشہ شہزادے رہیں گے—فائل فوٹو: اے پی

شاہی محل کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ملکہ برطانیہ و ہیری اور ان کی اہلیہ کے درمیان دوبارہ بھی شاہی ذمہ داریاں سنبھالنے سے متعلق مذاکرات ہوئے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اب دوبارہ جوڑے کو شاہی ذمہ داریاں نہیں مل سکتیں۔

بیان کے مطابق گزشتہ سال ملکہ برطانیہ و ہیری اور ان کی اہلیہ کے درمیان طے پایا تھا کہ ایک سال تک شاہی جوڑا دوبارہ شاہی ذمہ داریاں ادا کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گا اور اب جوڑے نے واضح کیا ہے کہ وہ دوبارہ شاہی ذمہ داریاں نہیں لیں گے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ اب شہزادہ ہیری تمام فوجی اعزازی عہدے بھی چھوڑ دیں گے جب کہ وہ دیگر فلاحی اداروں کے اعزازی عہدوں کو بھی چھوڑ دیں گے، جس کے بعد ان کی جانب سے چھوڑے گئے عہدے شاہی خاندان کے دوسرے افراد کو دیے جائیں گے۔

مارچ 2020 میں شاہی جوڑے نے شاہی ذمہ داریوں سے باضابطہ علیحدگی اختیار کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
مارچ 2020 میں شاہی جوڑے نے شاہی ذمہ داریوں سے باضابطہ علیحدگی اختیار کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

شہزادہ ہیری رائل نیوی میں میجر جنرل کے اعزازی عہدے پر فائز تھے مگر اب وہ مذکورہ عہدہ بھی چھوڑ دیں گے۔

شاہی ذمہ داریوں میں مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے اعزازی عہدے شامل ہوتے ہیں اور ایسے عہدوں کا برطانوی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا مگر شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ مکمل طور پر ہمیشہ کے لیے شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوگئے۔

یہاں یہ یاد رہے کہ اگرچہ وہ شاہی ذمہ داریوں کا دوبارہ حصہ نہیں بنیں گے، تاہم اس باوجود وہ شاہی خاندان کا حصہ رہیں گے اور ہیری کو خاندان کا فرد ہونے کی وجہ سے شہزادہ ہی لکھا، بلایا اور پکارا جائے گا۔

شہزادہ ہیری و میگھن مارکل اس وقت امریکا میں مقیم ہیں—فائل فوٹو: اے پی
شہزادہ ہیری و میگھن مارکل اس وقت امریکا میں مقیم ہیں—فائل فوٹو: اے پی

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *