عفت عمر کا شوبز چھوڑ کر سوشل میڈیا پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان

سابق ماڈل، اداکارہ و میزبان عفت عمر نے شوبز میں اچھا مواد تخلیق نہ ہونے کی وجہ سے شوبز کو خیرباد کہ کر سوشل میڈیا پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کردیا۔

عفت عمر نے کم عمری میں ہی ماڈلنگ شروع کی تھی اور چند سال ماڈلنگ میں جلوے بکھیرنے کے بعد 24 سال میں انہوں نے ماڈلنگ کو خیرباد کہا تھا۔

ان کا شمار 1980 سے 1990 کی مقبول پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے متعدد لازوال پی ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔

انہوں نے نجی ٹی وی چینلز کے ڈراموں میں بھی ہر طرح کے کردار ادا کیے اور وہ گزشتہ برس تک ڈراموں میں دکھائی دیتی رہیں۔

عفت عمر کا شمار معروف میزبان اور کامیڈین میں بھی ہوتا ہے، حالیہ برسوں میں انہوں نے سیاسی طنز و مزاح میں بھی اپنا نام بنایا اور وہ مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سیاسی کامیڈی شو بھی کرتی دکھائی دیں۔

تاہم اب انہوں نے شوبز کو چھوڑ کر مکمل طور پر سوشل میڈیا پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کردیا۔

عفت عمر نے حال ہی میں ’ڈیلی پاکستان‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ خود حالیہ شوبز مواد پر تنقید کرتی رہتی ہیں اور ساتھ ہی میں اداکاری بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں، جس وجہ سے ان کی باتوں میں تضاد پایا جاتا ہے اور ان کی بات کا کوئی وزن بھی نہیں رہتا، اس لیے انہوں نے شوبز چھوڑ دی۔

انہوں نے کہا کہ چوں کہ اچھا شوبز مواد نہیں بن رہا، اس لیے وہ شوبز سے دور ہو کر صرف سوشل میڈیا پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتی ہیں۔

مذکورہ انٹرویو میں انہوں نے سیاست پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ماضی میں وہ عمران خان کی بڑی مداح تھیں اور ان کے لیے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے مفت پروگرامات بھی کیے اور تحریک انصاف کے جلسوں میں بھی شریک ہوئیں۔

عفت عمر کا کہنا تھا کہ اس وقت عمران خان خاموش رہتے تھے مگر حکومت میں آنے کے بعد انہوں نے بولنا شروع کیا اور خود کو ہی عیاں کیا، انہوں نے تباہی مچائی، ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔

اداکارہ و میزبان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ مریم نواز کی بہت عزت کرتی ہیں اور اس بار وہ ان کی ہی پارٹی کو ووٹ دیں گی، تاہم اگلی بار وہ بلاول بھٹو زرداری کو ووٹ دیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری ان کے اس وقت پسندیدہ سیاست دان ہیں جب کہ اگر انہیں کبھی کسی سیاستدان کا کردار ادا کرنے کی پیش کش ہو تو وہ بے نظیر بھٹو کا کردار ادا کریں گی۔

ایک سوال کے جواب میں عفت عمر نے کہا کہ مریم نواز بہت خوبصورت ہیں اور وہ ان کے کردار کے لیے فٹ نہیں، ان کا کردار صبا قمر اچھی طرح نبھا سکتی ہیں۔