’فیبیولس لائف آف بالی وڈ وائیوز‘ کے چرچے اور عمران خان کی اداکاری چھوڑنے کی خبریں

نیٹ فلیکس پر ایک نئی سیریز ’فیبیولس لائف آف بالی وڈ وائیوز‘ کا ٹریلر جاری ہوا ہے جس میں بالی وڈ کی مشہور شخصیات کی بیویوں کی پرتعیش زندگیوں کی جھلک دکھائی جائے گی۔

اس شو میں اداکار سمیر سونی کی اہلیہ اور اداکار نیلم کوٹھاری، سنجے کپور کی اہلیہ مہیپ، سہیل خان کی اہلیہ سیما خان، اور چنکی پانڈے کی بیگم بھاونا شامل ہیں۔ سیریز میں شاہ رخ خان کی بیگم گوری خان بھی مختصر وقفے کے لیے نظر آئیں گی۔

اس شو کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اس کا موازنہ امریکی ریالٹی شو ’کیپِنگ اپ ود کارڈیشیئن‘ سے کر رہے ہیں۔

سیریز میں ممبئی میں عیش و آرام کی زندگی گزارنے والی بالی وڈ شخصیات کی بیویوں کے طور پر ان چاروں خواتین کا تعارف کرایا گیا ہے۔

یہ خواتین رولز رائس میں گھومتی پھرتی ہیں، ایک دوسرے کو ’سٹوپِڈ کاؤ‘ بلاتی ہیں، اپنے پڑوسیوں کی جاسوسی کرتی ہیں، خود کو آفر ہونے والی سکرپٹس کا مذاق اڑاتی نظر آتی ہیں اور مہنگے ہوٹلوں میں جاتی ہیں۔

شائقین نے اس سیریز میں خاصی دلچسپی ظاہر کی ہے لیکن کرن جوہر کی اس سیریز کے ٹائٹل پر فلسماز مدھر بھنڈارکر نے شدید ناراضی ظاہر کرتے ہوئے دھرما پروڈکشن کو کئی نوٹس دے ڈالے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کرن جوہر نے ان کی آنے والی فلم کا ٹائٹل چرا لیا ہے۔

مدھر کی فلم کا ٹائٹل ’بالی وڈ وائیوز‘ ہے۔ جواب میں کرن جوہر نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں پہلے تو مدھر سے معذرت کی کہ ان کی وجہ سے انھیں پریشانی ہوئی پھر ان کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اور ان کے کام کے بہت بڑے مداح ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے رہیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے اپنی حقیقت پر مبنی فرنچائز سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس نئے اور مختلف عنوان کا انتخاب کیا ہے۔ آخر میں کرن نے لکھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہم ان سب باتوں کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھیں گے اور انڈسٹری میں اچھا کام پیش کرتے رہیں گے۔‘

کرن کی اس پوسٹ کا مطلب ظاہر ہے کہ بھائی جو کرنا ہے کر لو۔ یہ سیریز کل یعنی 27 نومبر کو شروع ہو رہی ہے۔

اب دیکھنا ہے کہ مدھر بھنڈارکر آگے کیا کرتے ہیں۔ مدھر متنازع اور گلیمرس موضوعات پر فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں چاہے وہ فلم فیشن ہو یا پیج تھری، کیلینڈر گرلز ہو یا پھر فلم ہیروئن اور چاندنی بار۔ کچھ ہِٹ اور کچھ فلاپ فلموں کے ساتھ ان کا یہ سفر جاری ہے اور اب وہ ایک اور گلیمرس فلم ’بالی وڈ وائیوز‘ پر کام کر رہے ہیں۔

عمران

عمران خان کی اداکاری چھوڑنے کی خبریں

بالی وڈ ہستیوں کی جانب سے ایکٹنگ چھوڑنے کی خبروں میں ایک اور نام جوڑا جا رہا ہے اور وہ نام ہے اداکار عمران خان کا۔ میڈیا میں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ عمران خان نے بالی وڈ چھوڑ دیا ہے۔

عمران کے قریبی دوست اور اداکار اکشے اوبرائے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عمران نے ایکٹنگ چھوڑ دی ہے اور ان کے اندر ایک بہترین رائٹر اور ڈائریکٹر چھپا ہوا ہے اور ایک دن وہ بہت اچھی فلمیں بنائیں گے۔

عامر خان کے بھانجے عمران خان ایک ایسے اداکار ہیں جو کترینہ کیف سے لے کر کرینہ کپور تک انوشکا شرما سے لے کر دپیکا پاڈوکون کے ساتھ بڑی بڑی فلمیں کرنے کے باوجود بھی انڈسٹری میں بطور ہیرو اپنا خاص مقام نہیں بنا سکے۔

عمران آخری مرتبہ سنہ 2015 میں فلم ’کٹی بٹی‘ میں نظر آئے تھے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اب انھوں نے سمجھداری سے کام لیتے ہوئے ایکٹنگ چھوڑ کر ڈائریکشن اور رائٹنگ میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دیپکا

سوچا نہ تھا کہ انڈسٹری اتنی شہرت، نام اور پیسہ دے گی

اداکارہ دپیکا پادوکون کا کہنا ہے کہ آج سے 13 سال پہلے جب انھوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی پہلی فلم 'اوم شانتی اوم‘ کی تھی تو سوچا نہیں تھا کہ قسمت اور یہ انڈسٹری انھیں اتنی شہرت، نام اور پیسہ دے گی۔

انسٹا پر اپنی ایک پوسٹ میں دپیکا نے انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلم اوم شانتی اوم کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس میں وہ فرح خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔

دپیکا کا کہنا تھا کہ ان 13 برسوں میں انھوں نے کئی اتار چڑھاؤ بھی دیکھے لیکن وہ اپنے اب تک کے سفر سے خوش اور مطمئن ہیں۔

دپیکا جلدی ہی کبیر خان کی فلم ’83‘ میں اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ کرکٹر کپل دیو کی بیوی کے کردار میں نظر آئیں گی۔

عالیہ

عالیہ بزنس میں بھی

اداکارہ عالیہ بھٹ نے جس طرح بہت چھوٹی عمر میں اداکاری شروع کر دی تھی اسی طرح اب وہ ایک بزنس وومن بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ حال ہی میں عالیہ نے بچوں کے کپڑوں کا ایک برانڈ لانچ کیا ہے۔

یہ اعلان عالیہ نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ سے کیا۔ عالیہ کا کہنا ہے کہ وہ ماحولیات کے حوالے سے کچھ کرنا چاہتی تھیں اس لیے انھوں نے یہ برانڈ لانچ کرنے کا منصوبہ بنایا عالیہ کے ان کپڑوں میں آرگینِک کپاس کا استعمال ہو گا۔

بٹن پلاسٹک کے نہیں ہوں گے ہر کپڑے یا پیکج کے ساتھ مختلف قسم کے بیجوں کا ایک پیکٹ لگا ہو گا جس سے بچوں کو درخت لگانے کے لیے انسپائر کیا جائے گا۔

عالیہ کا یہ برانڈ جلدی ہی ایمزون اور فلپ کارٹ پر بھی موجود ہو گا۔ جہاں تک فلموں کا تعلق ہے تو آج کل عالیہ سنجے لیلی بھنسالی کی فلم ’گنگو بائی کاتھیا واڑی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: