ملتان سلطانز کی لگاتار چھٹی فتح، پشاور زلمی کو 42رنز سے شکست

ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں اپنی شان دار کارکردگی کی بدولت کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پشاور زلمی کو42 رنز سے شکست دے کر مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 16ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور 98 رنز کی شراکت قائم کی۔

شان نے بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی البتہ دوسرے اینڈ سے محمد رضوان مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے۔

سلطانز کی جانب سے زمبابوین فاسٹ باؤلر بلیسنگ مزربانی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 18رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ شاہنواز دھانی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

شان مسعود کو شان دار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹیم میں ایک جبکہ پشور زلمی نے دو تبدیلیاں کی تھیں۔

سلطانز نے رائلی روسو کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جبکہ لیام لیونگسٹن اور حسین طلعت کو زلمی کی فائنل الیون میں شامل کیا گیا تھا جبکہ حضرت اللہ زازائی کو ڈراپ کردیا گیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان رواں ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دے دی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ مزاربانی، شاہنواز دھانی

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، ثاقب محمود، محمد عمر، حسین طلعت، سلمان ارشاد۔