ملک میں مزید 801 افراد کورونا وائرس کا شکار، اموات 4 ہزار 762 ہوگئیں

دنیا بھر میں ایک کروڑ 15 لاکھ افراد کو اپنا شکار بنانے اور 5 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

آج 6 جولائی کو سامنے آنے والے کورونا کے نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 818 جبکہ اموات 4 ہزار 762 تک پہنچ گئیں۔

ملک میں پیر کی صبح کورونا وائرس کے 801 نئے کیسز اور 17 اموات رپورٹ ہوئیں، اسی طرح مزید ایک ہزار 819 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے دو کیسز ایک ہی دن یعنی 26 فروری کو کراچی اور گلگت بلستان میں سامنے آئے تھے اور 4 ماہ کے بعد پاکستان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہے۔‎

تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی دیکھنے میں آئی۔

اگرچہ پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ لگائے گئے اندازوں کے مطابق نہیں ہے تاہم اس کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد باعث تشویش ہیں۔

ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 26 اس بیماری کے باعث لقمہ اجل بنے تھے تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں۔

مئی کا مہینہ صورتحال میں یکسر تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جس کے بعد جون کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا اور ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے زائد تک جا پہنچی تھی۔

جون کے آخری دن تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار 541 تک جا پہنچی جبکہ 4 ہزار 354 مریض زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔

تاہم جولائی کے آغاز سے کیسز اور شرح اموات میں کمی رپورٹ ہونے کے باوجود حکام نے زور دیا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھا جائے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 646 افراد کو متاثر کیا اور 13 افراد کی ہلاکت کا سبب بنا۔

ملک میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 81 ہزار 963 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں مزید 13 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک 1871 مریض اس وبا کے سبب لقمہ اجل بنے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے مزید 85 افراد متاثر ہوئے جبکہ 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 13 ہزار 494 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں وہاں مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 134 سے بڑھ کر 137 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلت بلستان میں آج کورونا وائرس نے مزید 16 افراد کو اپنا شکار بنایا۔

اس طرح گلگت بلتستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار 561 ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے مزید کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں عالمی وبا سے مزید ایک فرد لقمہ اجل بنا اور 54 متاثر ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک ہزار 342 تک جا پہنچی ہے جبکہ اموات کی تعداد 37 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ایک ہزار 819 مریض اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 830 سے بڑھ کر ایک لاکھ 31 ہزار 649 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 231818

اموات: 4762

صحتیاب: 131649

فعال کیسز: 95407

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 94 ہزار 528 ہیں تو وہیں پنجاب میں 81 ہزار 963 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 28 ہزار 116 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 814 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 949، گلگت بلتستان میں 1561 اور آزاد کشمیر 1342 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

error: