منال خان پر کائلی جینر کے ناشتے کی تصویر چوری کرنے کا الزام

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ منال خان مائیکرو بلاگنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ سے اپلوڈ کی جانے والی ایک اسٹوری کے سبب گزشتہ روز سے سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

دراصل اداکارہ نے اپنی انسٹا گرام اسٹوریز پر پھلوں سے سجی ایک میز کی تصویر پوسٹ کی تھی لیکن سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ منال خان نے مبینہ طور پر اس سٹوری کو ہالی وڈ کی مشہور ماڈل کائلی جینر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپلوڈ ہونے والی اسٹوری سے ’چرایا‘ تھا۔

ایک روز قبل کائلی جینر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پھلوں سے بھری میز کی یہ تصویر شیئر کی تھی جسے بعد میں منال خان کے اکاؤنٹ سے اپلوڈ کردیا گیا۔

اس نشاندہی پر سوشل میڈیا صارفین منال خان کو خوب ٹرول کر رہے ہیں، ان پر میمز بنائی جا رہی ہیں اور ٹوئٹر پر بھی اداکارہ کا نام ٹرینڈ کررہا ہے۔

ایک صارف نے سوال کیا کہ ’کیا منال خان واقعی یہ سمجھتی ہیں کہ ہم میں سے کوئی بھی کائلی جینر کو نہیں جانتا اور فالو بھی نہیں کرتا؟‘

کچھ صارفین نے طنزیہ انداز اپنایا اور کائلی جنیر کو ہی مشورہ دے ڈالا کہ وہ پاکستانی اداکارہ کی نقل نہ کریں۔

ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’تو کیا ہوگیا اگر کائیلی جینر اور منال خان نے ایک ساتھ ناشتہ کیا ہے تو؟‘

بعض صارفین نے منال خان کی اس حرکت کو مادہ پرستی سے بھی جوڑا کہ اداکار امیر اور منفرد دکھنے کے لیے کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹرولنگ کا نشانہ بننے کے باوجود اداکارہ منال خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اس سٹوری کو نہیں ہٹایا بلکہ خود بھی اس کا حصہ بن گئیں اور اپنے اوپر بنی ایک میم شیئر کر ڈالی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published.