جمالیات

وزن کم کرنے کے چکر میں ڈائٹ کرنے والی بولی وڈ اداکارہ چل بسیں

Share

بظاہر وزن کم کرنے کے چکر میں ‘کیٹوجینک ڈائٹ’ کرنے والی 27 سالہ بولی وڈ اداکارہ مشتی مکھرجی گردے فیل ہونے کے باعث چل بسیں۔

مشتی مکھرجی نے 2012 میں ‘لائف کی تو لگ گئی’ فلم سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ ‘کانچی، گریٹ گرانڈ مستی، بیگم اور منی کارنیکا’ سمیت دیگر ہندی فلموں میں بھی دکھائی دیں۔

مشتی مکھرجی نے ہندی سمیت تیلگو، تامل، ملایلم اور کنڈا زبان کی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

مشتی مکھرجی کا تعلق ہندوستان کے جنوبی حصے سے تھا اور وہ بولی وڈ سمیت جنوبی فلم انڈسٹری میں بھی کافی مقبول تھیں۔‎

مشتی مکھرجی نے زیادہ تر بولڈ کامیڈی فلموں میں کام کیا جب کہ انہوں نے متعدد آئٹم گانوں میں بولڈ پرفارمنس بھی کی۔

مشتی مکھرجی کے اس وقت میڈیا میں چرچے ہوئے تھے جب 2014 میں انہیں پولیس نے جسم فروشی اور پورن ویڈیوز رکھنے کے الزام میں بھائی اور والد سمیت گرفتار کیا تھا۔

فلم بیگم جان کی کہانی تقسیم ہند کے دوران مشکلات کا شکار ہونے والی طوائفوں کی زندگی پر مبنی تھی—اسکرین شاٹ
فلم بیگم جان کی کہانی تقسیم ہند کے دوران مشکلات کا شکار ہونے والی طوائفوں کی زندگی پر مبنی تھی

مشتی مکھرجی پر 2014 میں الزام لگایا گیا کہ وہ دیگر خواتین سمیت جسم فروشی میں ملوث ہیں جب کہ ان پر پورن مواد کو پھیلانے کے الزامات بھی لگائے گئے اور ان کے بھائی اور والد کو جیل بھی بھیج دیا گیا تھا۔

تاہم چند ماہ بعد اداکارہ کے بھائی اور والد کو گرفتار کرکے انہیں مذکورہ کیسز میں کلیئر قرار دیا گیا تھا۔

مشتی مکھرجی کو اضافی وزن کی وجہ سے کچھ پریشانی تھی اور خبریں ہیں کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے ‘کیٹوجینک ڈائٹ’ پر تھیں اور اسی وجہ سے ہی ان کے گردے فیل ہوگئے۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مشتی مکھرجی ریاست کرناٹکا کے دارالحکومت بنگلورو کے نجی ہسپتال میں گردے فیل ہونے کی وجہ سے چل بسیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ کچھ ماہ سے ‘کیٹوجینک ڈائٹ’ پر تھیں اور ان کے گردے فیل ہونے کا سب سے بڑا سبب ہی ان کی ڈائٹ تھی۔

اداکارہ اپنے اضافی وزن کے باعث ڈائٹ پر تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ اپنے اضافی وزن کے باعث ڈائٹ پر تھیں

انڈین ایکسپریس نے اداکارہ کے اہل خانہ کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی کہ اداکارہ کئی ماہ سے ‘کیٹوجینک ڈائٹ’ پر تھیں اور یہی ان کے گردے فیل ہونے کی وجہ بنی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زندگی کے آخری ایام میں مشتی مکھرجی کو بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ ‘کیٹوجینک ڈائٹ’ زیادہ تر وزن میں کمی کرنے یا جسمانی صحت بہتر کرنے کے لیے اختیار کی جاتی ہے۔

اداکارہ کیٹوجینک ڈائٹ سے اداکارہ کے گردے متاثر ہوئے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کیٹوجینک ڈائٹ سے اداکارہ کے گردے متاثر ہوئے

ہیلتھ ویب سائٹ ہیلتھ لائن کے مطابق اگرچہ ‘کیٹوجینک ڈائٹ’ کے کئی فوائد ہیں، تاہم اس کے کئی نقصانات بھی ہیں۔

جہاں ‘کیٹوجینک ڈائٹ’ سے وزن میں کمی ہوتی ہے اور دوسرے جسمانی فوائد حاصل ہوتے ہیں، وہیں اس ڈائٹ کے کئی جان لیوا نقصانات بھی ہیں، جن میں سے دل کے امراض اور گردوں میں پتھری کا پیدا ہونا بھی شامل ہے۔

علاوہ ازیں مذکورہ ڈائٹ سے بلڈ پریشر میں کمی سمیت دیگر متعدد صحت کے مسائل بھی ہوسکتے ہیں اور رپورٹس ہیں کہ مشتی مکھرجی کی جانب سے مذکورہ ڈائٹ اختیار کرنے کی وجہ سے ہی انہیں گردوں کے مسائل ہوئے اور آخر میں ان کے گردے فیل ہوگئے۔

مشتی مکھرجی نے متعدد آئٹم گانوں پر بھی پرفارمنس کی—فائل فوٹو: فیس بک
مشتی مکھرجی نے متعدد آئٹم گانوں پر بھی پرفارمنس کی