کھیل

وقار یونس: ’وہاب ریاض اور محمد عامر نے ٹیسٹ نہ کھیلنے کے فیصلے سے پاکستان کو نقصان پہنچایا‘

Share

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولرز وہاب ریاض اور محمد عامر نے آسٹریلوی دورے سے پہلے اچانک ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کر کے پاکستان کو نقصان پہنچایا اور ایسا کر کے یہ دونوں پاکستانی ٹیم کو مشکل میں چھوڑ گئے تھے۔

وقار یونس نے کہا کہ ان کے انکار کی وجہ سے ہی نوجوان فاسٹ بولرز ٹیم میں شامل کیے گئے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی طرح وقار یونس بھی وہاب ریاض اور محمد عامر کے ٹیسٹ نہ کھیلنے کے فیصلے پر خاصے برہم دکھائی دیتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہاب ریاض اور محمد عامر کو اگر ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلنی تھی تو انھیں کرکٹ بورڈ سے باقاعدہ بات کرنی چاہیے تھی۔ یہ دونوں ٹیم کو مشکل میں چھوڑ گئے تھےاور ان کی اس حرکت سے پاکستان کو نقصان ہوا ہے۔

وقاریونس نے اپنی گفتگو میں ٹوئٹر کا بھی ذکر کیا کہ سوشل میڈیا پر اہم فیصلے نہیں ہوتے۔

یاد رہے کہ محمد عامر نے آسٹریلیا کے دورے کے بعد سری لنکا کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر طنزیہ ٹوئٹ کی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ انھیں ٹیسٹ نہ کھیلنے کے فیصلے کی سزا دی گئی ہے۔ یہ ٹوئٹ انھوں نے بعد میں ڈیلیٹ کردی تھی۔

محمد عامر

وقار یونس نے سڈنی سے ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ اور خصوصاً کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

وقار یونس نے کہا ’کھلاڑی کس فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہے کس میں نہیں۔ اس بارے میں کسی کو آپ روک نہیں سکتے اور نہ ہی پابندی لگائی جاسکتی ہے لیکن کم از کم کرکٹ بورڈ کو اس بارے میں پتہ ہونا چاہیے۔‘

’کھلاڑی فیصلہ کرنے سے پہلے بورڈ کو اعتماد میں لے اور اچانک فیصلہ نہ کرے جیسا کہ وہاب ریاض اور محمد عامر نے کیا۔ ان دونوں کا آسٹریلوی دورے سے پہلے اچانک ٹیسٹ چھوڑنے کا فیصلہ ایک بڑا جھٹکا تھا۔‘

کرکٹ فوری شروع نہیں ہو سکتی

وقار یونس سے سوال کیا گیا کہ آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر بند اسٹیڈیم میں کرکٹ اور کیون پیٹرسن آئی پی ایل کی بات کررہے ہیں کیا یہ ممکن ہے؟ تو وقار یونس کا جواب تھا کہ اگر ایک دو ماہ میں حالات نارمل ہوجاتے ہیں تب تو سوچا جا سکتا ہے لیکن فی الحال یہ سب کچھ قبل ازوقت ہے۔

’اصل سوال یہ ہے کہ زندگی کو معمول پر آنے میں کتنا وقت لگے گا۔ جب ہر چیز نارمل ہو جائے گی تب ہی کرکٹ بھی شروع ہو سکے گی لیکن ابھی نہیں۔‘

’انگلینڈ کا دورہ ہمارا ہدف تھا‘

وقار یونس کہتے ہیں کہ انھوں نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ یہ منصوبہ بندی بنا رکھی تھی کہ بنگلہ دیش کی سیریز کے بعد ہمارے پاس جو بھی وقت ہے اس میں ہم انگلینڈ کے دورے کی بھرپور تیاری کریں گے۔

عامر
محمد عامر

’ہمارے لیے انگلینڈ کا دورہ بہت اہم تھا کیونکہ پچھلے دو دوروں کے دوران پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور ہم چاہتے تھے کہ اس بار بھی اچھی کارکردگی دکھائیں کیونکہ انگلینڈ میں اچھی کارکردگی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھ جاتے ہیں اور ان میں غیرمعمولی اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ اگر پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا دورہ نہ کر سکی تو یہ بڑی بدقسمتی ہو گی۔‘

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔

نئے باصلاحیت بولرز

وقار یونس کا کہنا ہے کہ یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ اس وقت ہمارے پاس بہت اچھے نوجوان فاسٹ بولرز موجود ہیں جن کے پاس سپیڈ اور بولنگ کا آرٹ دونوں موجود ہے۔

’یہ وہ بولرز ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید تجربہ حاصل کریں گے۔ اس وقت چونکہ کرکٹ بہت زیادہ کھیلی جارہی ہے، لہٰذا ہمارے پاس جتنے زیادہ بولرز ہوں گے اتنا اچھا ہے۔‘

وقار یونس کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک اصل کھیل ٹیسٹ کرکٹ ہے اور ٹیسٹ میچ بولرز جتواتے ہیں۔

’اس میں آپ کو پختہ بولرز کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ محدود اوورز کی کرکٹ میں آپ دوسرے بولرز کھلا سکتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ مستقبل میں ہمارے پاس آٹھ سے 10 بولرز کا گروپ موجود ہو تاکہ کوئی پریشانی نہ ہو۔‘

مصباح سے اچھے تعلقات

وقار یونس اس تاثر کو ماننے کے لیے تیار نہیں کہ ایک بڑا کرکٹر کبھی بھی کامیاب کوچ ثابت نہیں ہو سکتا اور جب وہ کوچ بنتا ہے تو اس میں انا کا مسئلہ ہو جاتا ہے۔

وقار یونس کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو کپتان چلاتا ہے جبکہ کوچ اس کی مدد کرنے کے لیے موجود ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے مصباح الحق سے ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔

’کپتان اور کوچ کی حیثیت سے ہم دونوں نے اچھے نتائج دیے۔ دونوں ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ اس وقت بھی جب وہ بولنگ کوچ ہیں تو وہ مصباح الحق کو اپنی رائے ضرور دیتے ہیں۔

وقار یونس کا کہنا ہے کہ اس بار ہیڈ کوچ کے بجائے بولنگ کوچ کا عہدہ انھوں نے اس لیے سنبھالا ہے کہ وہ نوجوان فاسٹ بولرز کے ساتھ زیادہ بہتر انداز میں کام کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ جونیئر بولرز کے ساتھ بھی کام کریں گے اور اپنے اوپر تنقید کا کسی کو بھی موقع نہیں دیں گے۔

وقار یونس کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں اس سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں ابھی کوئی بھی بات نہیں کر رہا ہے کیونکہ آسٹریلیا میں بھی کورونا کی صورتحال اچھی نہیں ہے۔