پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، انڈیکس2100 سے زائد پوائنٹس گرگیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے کاروبار ہفتے کا آغاز شدید مندی کے ساتھ ہوا اور ابتدا میں ہی کے ایس ای 100 انڈیکس 2100 سے زائد پوائنٹس گرنے سے کاروبار کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔

پیر کو کاروباری ہفتہ شروع ہوا تو کچھ ہی دیر میں کے ایس ای 100 انڈیکس 38 ہزار 219 پوائنٹس سے کم ہوکر 36 ہزار ایک سو 12 پوائنٹس پر آگیا۔

اسٹاک مارکیٹ سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق حصص کی قیمتوں میں 5.83 فیصد کمی کے بعد کاروباری سرگرمیوں کو 45 منٹ کے لیے روک دیا گیا۔تحریر جاری ہے‎

اسکرین شاٹ: پی ایس ایکس ویب سائٹ

تاہم 45 منٹ بعد جب دوبارہ ٹریڈنگ کا آغاز ہوا تو ایک مرتبہ پھر کاروبار میں مندی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 22سو 75 پوائنٹس سے زائد کمی دیکھنے میں آئی اور یہ 35 ہزار 9سو 17 پوائنٹس تک پہنچ گیا، تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔

ادھر مارکیٹ کی صورتحال پر تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں میں کمی آئی۔

کاروباری سرگرمی روکنے سے متعلق تجزیہ کاروں نے ڈان کو بتایا کہ اگر کے ایس ای 30 انڈیکس 4 فیصد یا اس سے زیادہ گرتا ہے تو 45 منٹ کے لیے ٹریڈبنگ روک دی جاتی ہے۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ کے ڈپٹی ہیڈ آف ریسرچ علی اصغر پونا والا نے کہا کہ ’ آرگنائزیشن آف دی پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز (اوپیک) کے مذاکرات میں چین سےباہر کورونا وائس کے پھیلاؤ کے باعث پیداوار میں کمی پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث خام تیل کی قمیت میں تیزی سے (برینٹ 31 فیصد)کمی آئی جو 1991 میں خلیج کی جنگ کے بعد سب سے زیادہ تیزی سے آنے والی کمی ہے۔

انہوں نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ آئل ایکسپلوریشن اور پیداواری کمپنیاں مارکیٹ کا 15.3 فیصد ہیں، یہ کمپنیاں کے ایس ای-100 انڈیکس کے 13.2 فیصد حصہ بھی ہیں جن میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کیپٹل مارکیٹ میں حصص رکھنے والی دوسری بڑی کمپنی ہے۔

نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ میں فارن انسٹیٹیوشنل سیلز کے سربراہ محمد فیضان نے ڈان کو بتایا کہ کورونا وائرس اور روس کی جانب سے اوپیک معاہدے سے پیچھے ہٹنے کے فیصلے کے باعث عالمی سطح پر مارکیٹص میں مندی دیکھی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 313 پوائنٹس (3.34 فیصد) اضافہ ہوا تھا۔

گزشتہ ہفتے مثبت رجحان کے بعد انڈیکس 39 ہزار 296 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا اور کاروبار کے دوران انڈیکس کی کم ترین سطح 37 ہزار 984 اور بلند ترین سطح 39 ہزار 362 پوائنٹس رہی تھی۔

error: