پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور فروری سے سامنے آنے والی اس عالمی وبا سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 2 ہزار 155 مریض اس وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 55 مریض انتقال کرگئے تاہم 4 ہزار 619 مریض ایسے تھے جو وبا سے شفایاب بھی ہوگئے۔

یوں ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 77 ہزار 240 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 30 ہزار 113 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 47 تک پہنچ چکی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔‎

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 30 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 100 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 193 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 18 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 520 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 626 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 295 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 23 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 982 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 236 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 57 ہزار 982 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 627 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 18 ہزار 118 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 182پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 166 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 556 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات 415 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 6 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 241 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 220 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ گلگت بلتستان ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں کیسز کی تعداد 4 ہزار 855 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں کوئی نئی موت نہ ہونے سے وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 ہزار 619 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 30 ہزار 113 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 477240

صحتیاب: 430113

اموات: 10047

فعال کیسز: 37080