پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 82 اموات، 2 ہزار 184 نئے کیسز کی تصدیق

سال 2020 میں دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دینے والے مہلک کورونا وائرس کے نئے سال 2021 میں بھی وار جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آج سامنے آنے والے یکم جنوری کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار 184 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 82 افراد مزید لقمہ اجل بنے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 745 رہی۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 362 ہوگئی جس میں سے 90 فیصد سے زائد یعنی 4 لاکھ 38 ہزار 974 صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 258 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 130 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔‎

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 2 جنوری 2021 کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 953 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 632 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 22 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 582 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 733 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 39ہزار 341 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 43 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 85 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 322 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 59ہزار 23ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 12مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 661 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 181 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 184 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 132 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 20 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 421 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 26 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 303 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 224 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 862 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 745 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد4 لاکھ 38 ہزار 974 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 484362

صحتیاب: 438974

اموات: 10258

فعال کیسز: 35130

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 632 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 39ہزار 341 تک پہنچ چکی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *