جمالیات

پشاور میں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کو محکمۂ آثارِ قدیمہ کو دینے کا فیصلہ

Share

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمۂ آثارِ قدیمہ نے بالی وڈ کے ممتاز اور تاریخ ساز فنکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کی پشاور میں آبائی رہائش گاہوں کو سرکاری تحویل میں حاصل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں سے کارروائی کرنے کے لیے کہہ دیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق دونوں فنکاروں کی رہائش گاہوں کو محفوظ کر کے میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا جہاں پر ان فنکاروں کے علاوہ بالی وڈ کے ایک اور ممتاز اداکار شاہ رخ خان سے متعلق اشیاء کو بھی محفوظ کیا جائے گا۔

اس ضمن میں صوبے کے ڈائریکٹر آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ڈاکٹر عبدالصمد نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو ایک خط میں لکھا ہے کہ محکمہ آثارِ قدیمہ اس سائٹ کو آثارِ قدیمہ ایکٹ کے تحت ‘محفوظ آثار’ قرار دینا چاہتا ہے تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہے اور ثقافتی سیاحت کو فروغ مل سکے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس لیے مذکورہ زمین اگر سرکاری ملکیت میں ہے تو اسے ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز کے حق میں منتقل کر دیا جائے یا اگر نجی ملکیت میں ہے تو اسے لازمی طور پر حصولِ اراضی کے قانون کے تحت حاصل کر لیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور دفتر کے مطابق ڈائریکٹر آف آرکیالوجی اور میوزیم صوبہ خیبر پختونخواہ کے خط ملنے کے بعد دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی کو حاصل کرنے کے لیے ضروری کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

دلیپ کمار کا گھر اور کپور حویلی

معروف اداکار دلیپ کمار کا گھر پشاور کے مشہور اور تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے۔

یہ کبھی رہائشی علاقہ ہوتا تھا مگر اب یہ ایک بڑا کاروباری مرکز ہے۔

دلیپ کمار، راج کپور، پشاور، خیبر پختونخوا

دلیپ کمار کے نام سے مشہور محمد یوسف خان کی پیدائش 11 دسمبر 1922 کو اس گھر میں ہوئی تھی اور 1930 میں دلیپ کمار اپنے خاندان کے ہمراہ بمبئی چلے گئے تھے۔

2013 میں دلیپ کمار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا۔ 1988 میں دلیپ کمار نے اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انھوں نے اپنے گھر کی دہلیز کو چوما تھا اور میڈیا کے سامنے اپنے بچپن کی یادیں دہراتے رہے تھے۔

سنہ 1997 میں دلیپ کمار کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر بھی وہ پشاور میں اپنے آبائی گھر جانا چاہتے تھے مگر استقبال کے لیے آنے والے عوام کے بے پناہ رش کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔

پشاور میں کپور حویلی دلگران کے علاقے میں واقع ہے۔ انڈیا میں بالی وڈ کو متعدد سپر سٹارز دینے والے کپور خاندان کی ایک نسل اس حویلی میں پیدا ہوئی تھی۔ اس کو 1918 سے لے کر 1922 کے درمیان میں راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروایا تھا۔

وہ پنجاب سے پشاور میں منتقل ہوئے تھے۔

راج کپور بھی اس حویلی میں پیدا ہوئے تھے۔ تقسیم برصغیر کے بعد یہ خاندان انڈیا منتقل ہوگیا تھا۔

دلیپ کمار، راج کپور، پشاور، خیبر پختونخوا
،تصویر کا کیپشنپشاور میں واقع کپور حویلی جو اب نہایت مخدوش حالت میں ہے

پشاور کے کلچر کی دوبارہ بحالی

ڈائریکٹر آف آرکیالوجی اور میوزیم خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے قبل پشاور کلچر اور آرٹ کا مرکز ہوتا تھا۔

انھوں نے کہا کہ اس شہر کی اپنی ایک تاریخ اور ثقافت ہے اور اس شہر نے دنیا کو کئی شاندار اور تاریخ ساز فنکار دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب جبکہ حالات بہتر ہوچکے ہیں تو حکومت نے پشاور کے روایتی کلچر اور ثقافت کو دوبارہ زندہ کرنے کی مہم شروع کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آثار قدیمہ سے متعلق قوانین اس بات پر پابند کرتے ہیں کہ ایک سو سال سے زیادہ پرانی عمارتوں کو محفوظ کیا جائے۔ اس وقت پشاور میں 1800 ایسی عمارتیں موجود ہیں جو کہ تاریخی اہمیت کی حامل ہیں اور ان کی بھی نشان دہی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اب تک دو اہم تاریخی عمارتیں جن میں مسجد محبت خان بھی شامل ہے کی بحالی کا کام شروع ہے۔

ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق دلیپ کمار اور کپور حویلی کو سرکاری تحویل میں اسی مہم کا حصہ ہے جبکہ آنے والے دنوں میں ایسی کئی مزید عمارتیں بھی تحویل میں لی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف پشاور کی تاریخ، ثقافت اور کلچر کو محفوظ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پشاور کی رونقیں بھی بحال ہوں گی اور سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا۔

دلیپ کمار اور کپور حویلی میں میوزیم کے قیام کا منصوبہ

ڈاکٹر عبدالصمد کا کہنا تھا کہ اس وقت دلیپ کمار کا گھر اور کپور حویلی پشاور کے بڑے کاروباری مراکز میں واقع ہیں۔ ان کی حالت بہت زیادہ خستہ ہو چکی ہے، ان کے بڑے حصے گر چکے ہیں اور ان کے موجودہ مالکان کئی مرتبہ ان عمارتوں کو گرا کر پلازہ بنانے کی کوشش کرچکے ہیں، مگر ہر دفعہ ان کی کوشش قانون کے ذریعے سے ناکام بنائی گئی تھی کیونکہ آثار قدیمہ کے قوانین کی رو سے یہ دونوں عمارتیں تاریخی ورثہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ان کو حاصل کر کے ان کو سب سے پہلے ان کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، جس کے بعد یہاں پر میوزیم قائم کیے جائیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ ان میوزیمز میں دلیپ کمار اور کپور خاندان سے متعلق اشیاء، ان کی فلموں کا ریکارڈ اور یادگاریں رکھنے کے علاوہ پشاور سے تعلق رکھنے والے شاہ رخ خان اور دیگر اداکاروں سے متعلق اشیاء اور یادگاریں رکھی جائیں گی۔