پی ایس ایل2022: فرنچائزوں کی جانب سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کے لیے فرنچائزوں کی جانب سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 2022 کے ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار، ٹریڈ اور ریلیز کرنے کی ونڈو آج دوپہر بند ہو گئی اور ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سوا بقیہ تمام فرنچائزوں نے اپنے آٹھ، آٹھ کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔

گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے اپنے اسکواڈ میں سات، سات کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔

رواں سال پاکستان کرکٹ بورڈ میں لیگ میں فرنچائزوں کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا ہے جس کو ’رائٹ ٹو میچ کارڈ‘ قرار دیا گیا ہے۔

اس نئے طریقہ کار کے تحت ہر ٹیم کے پاس ایسا ایک کارڈ ہو گا جس کے تحت وہ اس کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اسکواڈ سے ریلیز کیے گئے ایک کھلاڑی کو دوبارہ منتخب کر سکیں گے۔

پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ 12 دسمبر کو ہوں گے اور 32 ممالک سے 425 کھلاڑی اس عمل کا حصہ ہوں گے۔

ڈرافٹ کے دوران سب سے پہلے لاہور قلندرز کھلاڑی کا انتخاب کرے گی جس کے بعد ملتان سلطانز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور پھر سب سے آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا نمبر آئے گا۔

ہر ٹیم اپنی فرنچائز میں 18 کھلاڑیوں شامل کر سکتی ہے جس میں پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری میں تین، سلور کیٹیگری میں پانچ، دو ایمرجنگ کھلاڑی اور دو کھلاڑیوں کو سپلیمنٹری کیٹیگری کا حصہ بنا سکیں گے۔

سلطانز نے جن 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے ان میں پلاٹینم کیٹیگری میں کپتان محمد رضوان اور رائلی راسو، ڈائمنڈ کیٹیگری میں عمران طاہر اور صہیب مقصود، ڈائمنڈ میں خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی، شان مسعود شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چار کھلاڑیوں کو 2021 کے ایڈیشن سے برقرار رکھا ہے جبکہ تین کھلاڑیوں کی دیگر ٹیموں سے ٹریڈ کی ہے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں میں پلاٹینم کیٹیگری کے سرفراز احمد، ڈائمنڈ سے محمد نواز، محمد حسنین، نسیم شاہ شامل ہیں، اس کے علاوہ پلاٹینم کیٹیگری کے جیمز ونس، ڈائمنڈ میں افتخار احمد اور گولڈ سے شاہد آفریدی کو دیگر ٹیموں سے ٹریڈ کر کے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کراچی کنگز نے کپتان اور عالمی نمبر ایک بلے باز بابر اعظم کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے، اس کے علاوہ سابق کپتان عماد وسیم، محمد عامر کو ڈائمنڈ، جو کلارک، شرجیل خان اور عامر یامین کو گولڈ جبکہ محمد الیاس کو سلور کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ آصف علی اور حسن علی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے جبکہ فہیم اشرف اور شاداب خان کو ڈائمنڈ، ایلکس ہیلز، اعظم خان اور محمد وسیم جونیئر کو گولڈ جبکہ پال اسٹرلنگ کو سلور کیٹیگری میں موجود ہیں۔

پشاور زلمی نے لیام لیونگسٹن اور وہاب ریاض کو پلاٹینم، حیدر علی، شرفین ردرفورڈ اور شعیب ملک ڈائمنڈ، حسین طلعت اور ثاقب محمد گولڈ اور ٹام کوہلر کیڈمور کو سلور کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

لاہور قلندرز نے افغان اسپنر راشد خان اور شاہین شاہ آفریدی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے، حارث رؤف، ڈیوڈ ویزے اور محمد حفیظ کو ڈائمنڈ جبکہ سہیل اختر، ذیشان اشرف اور احمد دانیال سلور کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ڈرافٹ میں پلاٹینم کیٹیگری میں دستیاب بین الاقوامی کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ملر، کرس گیل ، کرس جورڈن، جیسن روئے، ٹائمل ملز، ٹام بینٹن، کولن انگرام، شیمرون ہٹمائر، کولن منرو، تھسارا پریرا، کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوڈ ولی، ایسورو یوڈانا، سندیپ لیمی چین، تبریز شمسی، مرچینٹ ڈی لانگے شامل ہیں۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں بھی بین ڈنک، حضرت اللہ زازئی، جیمز فالکنر، لوئس گریگوری، ریس ٹوپلی، لینڈل سمنز، محموداللہ ریاض، فل سالٹ سمیت دیگر متعدد کھلاڑی دستیاب ہیں۔

ڈرافٹ میں دفاعی چیمیپئن ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں ایک، ایک، سلور کیٹیگری میں پانچ اور ایمرجنگ کیٹیگری میں دو کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکتی ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں ایک، ایک، سلور کیٹیگری میں چار اور ایمرجنگ کیٹیگری میں دو کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکتی ہیں۔

پشاور زلمی پلاٹینم اور گولڈ کیٹیگری میں ایک، ایک، سلور کیٹیگری میں چار اور ایمرجنگ کیٹیگری میں دو کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکتی ہے۔

لاہور قلندرز پلاٹینم کیٹیگری میں ایک، گولڈ کیٹیگری میں تین، سلور کیٹیگری میں دو اور ایمرجنگ کیٹیگری میں دو کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکتی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published.