سائنس

چین: عوام چہرہ شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف

Share

بیجنگ کے ایک تحقیقاتی ادارے کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق چین میں شہری، چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف ہیں۔

سروے میں شامل تقریباً 74 فیصد افراد نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی شناخت کی تصدیق کے لیے چہرہ شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کی بجائے روایتی شناختی طریقوں کو استعمال کیا جانا چاہیے۔

سروے میں شامل چھ ہزار سے زائد افراد کو بنیادی طور پر بائیو میٹرک ڈیٹا کے ہیک کیے جانے یا بصورت دیگر لیک ہونے کے خدشات تھے۔ ملک بھر کے سٹیشنوں، سکولوں اور خریداری مراکز میں چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے نظام کو نافذ کیا جا رہا ہے۔

جمعرات کو نندو پرسنل انفارمیشن پروٹیکشن نامی تحقیقاتی ادارے کے جانب سے جاری کردہ اس سروے کی خبر سب سے پہلے فنانشل ٹائمز نے دی تھی۔ اس تحقیق کو چین میں اس موضوع پر رائے عامہ میں اپنی نوعیت کی سب سے پہلی اور بڑی تحقیق قرار دیا گیا ہے۔

کیمرے

اس سروے میں شامل تقریباً 80 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات پر تشویش ہے کہ چہرہ شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے نظام میں سکیورٹی خامیاں ہیں۔

واضح رہے کہ چین بھر میں عوام کی نگرانی کرنے کے لیے 17 کروڑ سے زائد کیمروں پر مبنی وسیع و عریض نیٹ ورک نصب کیا گیا ہے۔

ایک اور کی جانے والی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ چین کے شہریوں کے پاس اس حوالے سے تشویش کی معقول وجہ ہے۔

ایک تحقیق جس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ کس طرح بڑے پیمانے پر متجاوز طریقوں سے بائیو میٹرک شناخت اور نگرانی کے نظام کو لاگو کیا جا رہا ہے، چین کو 50 ممالک کی فہرست میں بدترین درجہ دیا گیا ہے۔

یہ تحقیق کمپاریٹیک نامی سائبرسکیورٹی کمپنی نے کی تھی۔

اس تحقیق میں کہا گیا تھا کہ چین کے پاس ’شہریوں کی بائیو میٹرکس کے تحفظ کے لیے کوئی خاص قانون‘ موجود نہیں ہے اور اس نے ’کام کی جگہ پر ملازمین کے لیے حفاظتی انتظامات کی کمی‘ کو اجاگر کیا تھا۔

نگرانی کے خدشات

تحقیقاتی ادارے نندو کی جانب سے یہ سروے اکتوبر اور نومبر کے مہینوں کے درمیان انٹرنیٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔ اس سروے میں 57 فیصد جواب دہندگان نے اپنی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ، 84 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ اس ڈیٹا کا جائزہ لینا چاہتے ہیں جو چہرے کی شناخت کرنے والے نظام نے ان کے بارے میں اکٹھا کیا تھا اور وہ یہ درخواست کرنا چاہتے ہیں کہ اسے حذف کر دیا جائے۔

اکثریت کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شناخت کی تصدیق کے لیے شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس یا پاسپورٹ کو متبادل کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

لیکن سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ 60 سے 70 فیصد چینی باشندوں کا خیال ہے کہ چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے استعمال نے عوامی مقامات کو محفوظ بنایا ہے۔

کیمرے
چین بھر میں عوام کی نگرانی کرنے کے لیے 17 کروڑ سے زائد کیمروں پر مبنی وسیع و عریض نیٹ ورک نصب کیا گیا ہے

ان سے بچنا مشکل ہے

چین میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ چہرے کی شناخت کرنے والے کیمرے لگے ہوئے ہیں اور اکثر ان سے بچنا مشکل ہے۔

رواں ہفتے کے شروع میں، مقامی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ چین کے شمال مشرقی صوبے ہنان کا دارالحکومت ژینگ زو اپنے تمام سب وے ٹرین سٹیشنوں پر اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے والا پہلا چینی شہر بن گیا ہے۔

چینی اخبار چائنہ ڈیلی کا کہنا ہے کہ اب مسافر اپنے فون پر کیو آر کوڈ سکین کرنے کے بجائے ادائیگیوں کو خود کار طریقے سے انجام دینے کے لیے اس ٹیکنالوجی کا استعمال کر سکتے ہیں۔

اس ماہ کے آغاز میں، ایک یونیورسٹی پروفیسر گیوو بنگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہانگزو سفاری پارک میں چہرے کی شناخت کرنے والے نظام کو نافذ کرنے پر اس کی اتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کر رہے ہیں۔

باقاعدگی سے پارک آنے والے پروفیسر گیو، برسوں سے پارک میں داخل ہونے کے لیے اپنے فنگر پرنٹ کا استعمال کرتے آئے ہیں لیکن اب وہ ایسا کرنے کے قابل نہیں رہے تھے۔

اس معاملے کی خبر سرکاری میڈیا پر دی گئی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اس ٹیکنالوجی کے نجی استعمال پر تیار ہے اور اس بارے میں عوامی بحث و مباحثے کا جائزہ لے رہی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز پر، ایک نیا قانون لاگو کیا گیا تھا جس کے تحت موبائل فون صارفین کو اپنے موبائل سروس کمپنی کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کرتے وقت اپنے چہروں کی سکینگ کروانا لازم قرار دی گئی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سم کارڈز کی دوبارہ فروخت کو روکنا اور دھوکہ دہی کے خلاف لڑنا ہے۔

لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو پولیس اور دیگرحکام کو عوام پر نظر رکھنے اور نگرانی کرنے میں مدد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔