کرسٹیانو رونالڈو کے نومولود بیٹے کا انتقال ہو گیا

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کے دوران ایک بچے کا انتقال ہو گیا۔

رونالڈو نے 18اپریل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر پوسٹ میں اس افسوسناک خبر سے آگاہ کیا گیا۔

18اپریل کو کی گئی پوسٹ میں رونالڈو نے لکھا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ ہمیں یہ اعلان کرنا پڑ رہا ہے کہ ہمارے بچے کا انتقال ہو گیا ہے۔تحریر جاری ہے‎

انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی والدین کے لیے سب سے بڑا درد ہے لیکن ان کی بچی کی پیدائش انہیں ’امید اور خوشی‘ کے ساتھ اس لمحے کو جینے کی طاقت دیتی ہے۔

رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ روڈریگوئیز دونوں نے ڈاکٹروں اور نرسوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ماہرانہ انداز میں نگہداشت اور تعاون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اس نقصان پر بہت غمزدہ ہیں اور اس مشکل وقت میں پرائیویسی کی درخواست کرتے ہیں۔

ان کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی اس مشکل وقت میں ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پچھلے سال اکتوبر میں جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے، مانچسٹر یونائیٹڈ کے 37سالہ اسٹار اور ان کی 28 سالہ گرل فرینڈ روڈریگوئیز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر الٹراساؤنڈ کی تصاویر شیئر کر کے لکھا تھا کہ ہم یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کہ ہمارے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

اس کے بعد انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان دو بچوں میں سے ایک لڑکا اور دوسری لڑکی ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو کے چار بچے ہیں جن میں کرسٹیانو رونالڈو جونیئر، جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو اور الانا مارٹینا شامل ہیں۔

نومولود کی پیدائش کے بعد رونالڈو اب پانچ بچوں کے باپ بن گئے ہیں۔