’کملی‘ کے پریمیئر کے دوران صبا قمر کے رونے کی ویڈیو وائرل

آنے والی فلم ’کملی‘ کے پریمیئر کے دوران اداکارہ صبا قمر کی جانب سے رونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس کے بعد ٹوئٹر پر بھی ان کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔

’کملی‘ کا پریمیئر 29 مئی کو کراچی میں منعقد کیا گیا، جس میں فلم ساز اور کاسٹ سمیت دیگر شوبز شخصیات نے شرکت کی۔

فلم کے پریمیئر میں مہوش حیات فلم ساز رؤف وجاہت اور ان کی اہلیہ شازیہ وجاہت سمیت دیگر شوبز شخصیات نے شرکت کی۔

پریمیئر کے دوران فلم کے اختتام پر شوبز شخصیات سمیت وہاں موجود دیگر شخصیات نے صبا قمر کی اداکاری کی تعریفیں کیں اور کھڑے ہوکر ان کے لیے تالیاں بھی بجائیں۔

شوبز شخصیات اور وہاں موجود دیگر افراد کی جانب سے اداکاری کو سراہے جانے کے بعد صبا قمر جذبات پر قابو نہ پا سکیں اور وہ اشکبار ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں صبا قمر کو پریمیئر کے اختتام پر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے رونے کے بعد فلم ساز سرمد کھوسٹ کی جانب سے صبا قمر کو سہارا دینے اور گلے لگانے پر جہاں شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں کیں، وہیں سوشل میڈیا صارفین نے ان کے عمل پر تنقید کی۔

سوشل میڈیا صارفین نے صبا قمر کے رونے کو ڈراما قرار دیا جب کہ ان کی جانب سے سرمد کھوسٹ کے ساتھ گلے ملنے کو ’بیہودگی‘ قرار دیا۔

اداکارہ اور فلم ساز کے گلے ملنے پر لوگوں نے زیادہ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے عمل کو غلط قرار دیا اور ساتھ ہی صبا قمر کے لباس پر بھی لوگوں نے تنقید کی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

صبا قمر کی فلم ’کملی‘ کو تین جون کو سینماؤں میں پیش کیا جائے گا، فلم کی کاسٹ میں صبا قمر، ثانیہ سعید، عمیر رانا، عدیل افضل اور نمرہ بُچہ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=3RAlhb3WLY8