ہیڈلائن

کورونا وائرس: ملک میں متاثرین ایک لاکھ 98 ہزار سے زائد، 86 ہزار 906 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز آنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس کی تعداد میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور اب تک ملک میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 98 ہزار 83 لوگ متاثر جبکہ 4035 لوگ زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

ملک بھر میں آج (27 جون) کی صبح تک مجموعی طور پر ایک ہزار 178 نئے کیسز اور 31 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 2 ہزار 738 لوگ وائرس سے شفایاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کو 4 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے اور اس عرصے کے دوران 4 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں جو باعث تشویش ہے۔

تاہم حکومت کی جانب سے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف حکمت عملی اپنائی جارہی ہے اور اس وقت حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کر رہی ہے۔‎

اسمارٹ لاک ڈاؤن میں پورے ملک یا شہر میں لاک ڈاؤن کے بجائے ان مخصوص علاقوں کو سیل کیا جاتا ہے جو وائرس کے ہاٹ اسپاٹ (زیادہ متاثر علاقے) ہیں۔

یاد رہے کہ 26 فروری 2020 کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد ملک بھر میں یہ وائرس پھیل گیا اور مارچ کے آخر تک کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تک پہنچ گئیں۔

اپریل میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور یہ مہینے کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات 385 تک جاپہنچیں، جس کے بعد مئی کا مہینہ اس وائرس کے لیے صورتحال مکمل تبدیل کرنے کا باعث بنا اور ایک ماہ میں کیسز بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 1500 سے بڑھ گئی۔

جون کے مہینے میں گزشتہ ماہ کا تسلسل جاری رہا تاہم اس میں مزید تیزی آگئی اور گزشتہ 26 دنوں کے درمیان کیسز کی تعداد میں تقریباً ایک لاکھ 26 ہزار اور اموات میں 2500 تک کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

آج (27 جون) کو پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 893 افراد کو متاثر کیا جبکہ 27 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتاتے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 893 لوگ وائرس کا شکار ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 72 ہزار 880 ہوگئی۔

اسی طرح صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اس طرح مجموعی اموات 1656 تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کی وبا کے مزید 225 نئے کیسز اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔

سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 225 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 206 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ کورونا وائرس کا ایک اور مریض انتقال کرگیا جس کے بعد یہ تعداد 119 سے بڑھ کر 120 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس نے گلگت بلتستان کو بھی متاثر کیا ہے اور وہاں آج مزید 19 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 19 کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک ہزار 417 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر آزاد کشمیر کا علاقہ ہے، تاہم اب وہاں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

آزاد کشمیر میں گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 41 افراد متاثر ہوئے جبکہ 3 کا انتقال ہوا۔

اس طرح وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 1003 ہوگئی جبکہ نئی اموات سے مجموعی طور پر انتقال کرنے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں اس وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 2 ہزار 738 افراد ایسے تھے جو وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے ہوں۔

ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد ملک میں اب تک مجموعی طور پر وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 84 ہزار 168 سے بڑھ کر 86 ہزار 906 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 198883

اموات: 4035

صحتیاب: 86906

فعال کیسز: 107942

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 76 ہزار 318 ہیں تو وہیں پنجاب میں 72 ہزار 880 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 24 ہزار 943 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 116 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 206، گلگت بلتستان میں 1417 اور آزاد کشمیر 1003 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1656

سندھ: 1205

خیبرپختونخوا: 890

بلوچستان: 113

اسلام آباد: 120

آزاد کشمیر: 28

گلگت بلتستان: 23