کورونا وائرس: ملک میں 2 ہزار 839 نئے کیسز، اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار سے متجاوز

دنیا بھر کے بڑے ترقی یافتہ ممالک کو لاک ڈاؤن پر مجبور کردینے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی شکار جاری ہیں اور یومیہ کیسز اور اموات پھر سے بڑھ گئی ہیں۔

ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 98 ہزار 24 ہے جس میں سے 3 لاکھ 41 ہزار 423 صحتیاب ہوچکے ہیں جو تقریباً 86 فیصد ہے جبکہ 8 ہزار 25 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 839 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 40 افراد وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ ایک ہزار 613 مریض صحتیاب بھی ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی مجموعی تعداد 48 ہزار 576 تک جاپہنچی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گیا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔‎

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

آج 30 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 419 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 14 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث سندھ میں مزید 13مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 924 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 524 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 35 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 12 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 2 ہزار 991 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 313 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 47 ہزار 190 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 9 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 368 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 57 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 158 ہوگئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 166 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 341 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 30 ہزار 123 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 5 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 314 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 173 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 855 ہوگئی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں یہ کورونا کے ایک روز کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 1 فرد زندگی کی بازی ہار گیا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 165 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 649 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں کورونا وائرس سے کسی فرد کی موت نہیں ہوئی جس کے بعد اموات 97 پر برقرار ہیں.

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 613 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 41 ہزار 423 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 398024

صحتیاب: 341423

اموات: 8025

فعال کیسز: 48576

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *