کورونا وائرس کی دوسری لہر: ملک میں ایک روز میں ریکارڈ 111 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس دوران کیسز میں اضافے کے ساتھ ساتھ اموات میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور تقریباً 6 ماہ بعد یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 37 ہزار 173 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 256 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 111 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران اب تک کی یہ سب سے زیادہ یومیہ اموات ہیں، اس سے قبل 15 دسمبر کو دوسری لہر میں 105 اموات دیکھی گئی تھی تاہم اب ایک روز میں 111 اموات جون کے بعد دیکھی گئی ہیں۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 782 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوگئے۔‎

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 70 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 17 ہزار 134 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 668 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 268 ہے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو چین میں گزشتہ برس دسمبر سے شروع ہونے والی اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان میں رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد ابتدائی ایک مہینے تک اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل سے جون تک اس وائرس میں تیزی آئی اور جون کے مہینے میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم پھر جولائی کے آخر میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور صورتحال کافی حد تک معمول کے مطابق ہوگئی تھی۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کچھ اضافہ شروع ہوا جو اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت اختیار کرگیا اور اب دسمبر میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔

آج 24 دسمبر کو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید 918 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 7 ہزار 407 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث ایک روز میں 40 اموات ہوئیں اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 419 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 695 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 874 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 51 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 783 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 349 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 56 ہزار 160 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 14 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 577 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 18 ہزار 5 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں 2 کا اضافہ ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 181 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 238 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 721 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 4 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 398 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 25 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 65 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کوئی مریض زندگی کی بازی نہیں ہارا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 211 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے صرف 6 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 838 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 782 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 134 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 465070

صحتیاب: 417134

اموات: 9668

فعال کیسز: 38268

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *