Site icon Dunya Pakistan

کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 440 کیسز سے ملک میں متاثرین سوا لاکھ سے زائد

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ عالمی سطح پر اس وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں وطنِ عزیز 15 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 2 ہزار 440 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 933 تک جا پہنچی ہے۔

کووڈ 19 کی صورتحال کی نگرانی کے لیے بنائے سرکاری ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار 919، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 463، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں مزید 46 کیسز سامنے آئے۔

اس کے علاوہ مزید 54 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 463 ہوگئی جبکہ اب تک 40 ہزار 247 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔‎

پنجاب 49 اسلام آباد 3، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر مزید ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

یادرہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وبا کو آج 3 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے۔

اس عرصے میں وبا کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوا خصوصاً مارچ تک صورتحال خاصی قابو میں دکھائی دے رہی تھی تاہم اپریل سے اس میں تیزی آئی اور اب روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز سامنے آتے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز پر نظر دوڑائی جائے تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔

اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں خاصی تیزی آئی اور یہ مہینے کے آخر تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی دوران اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی میں اس وائرس کے لیے خاصہ خطرناک ثابت ہوا اور اسایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

آج (12 جون) کو اب تک پاکستان میں کورونا وبا کے ایک لاکھ 25 ہزار 933 اور 54 اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں ایک ہزار 856 کا اضافہ ہوا۔

پنجاب

ملکی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 919 نئے کیسز سامنے آئے یوں صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد47 ہزار 382ہوگئی۔

صوبے میں کورونا وائرس کے باعث مزید 49 اموات رپورٹ بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد41 سے بڑھ کر 890 ہوگئی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 463 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 ہزار 699 تک جا پہنچی۔

سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 3 مریضوں کے جاں بحق ہونے سے اموات کی مجموعی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں 12افراد میں وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد اس وبا کا شکار بننے والوں کی تعداد ایک ہزار 30 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اس خطے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہلاکت رپورٹ ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 15 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں آزاد کشمیر اس وبا سے اب تک سب سے کم متاثر ہونے والا خطہ ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 46 افراد مین وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے یہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 534 ہوگئی۔

اسی طرح مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 856 افراد اس بیماری سے چھٹکارا پر کر روبہ صحت ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 38 ہزار 391 سے بڑھ کر 40 ہزار 247 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت ایک لاکھ 25 ہزار 933 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 2 ہزار 463 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 38 ہزار 391 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 85 ہزار 79 فعال کیسز ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سندھ اور پنجاب ہیں سندھ میں کووِڈ 19 کے 46 ہزار 828 کیسز جبکہ پنجاب میں 47 ہزار 382 ہیں

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 787 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 7 ہزار 673 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار 699ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 1030 اور آزاد کشمیر میں 534 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

Exit mobile version