ہیڈلائن

کورونا وبا: آزاد کشمیر میں کیسز گلگت بلتستان سے زیادہ، ملک میں متاثرین 2 لاکھ 58 ہزار کے قریب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ بہتری دیکھی جارہی ہے اور حالیہ دنوں میں آنے والے کیسز کی تعداد گزشتہ اعداد و شمار کےمقابلے میں کم ہورہی ہے۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 914 ہوچکی ہے جبکہ اموات 5 ہزار 426 تک پہنچ گئی ہیں تاہم ان کیسز میں سے ایک لاکھ 78 ہزار 737 لوگ صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

آج (16 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے 706 نئے کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی مزید 5 ہزار 927 کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ بہتری کی طرف دکھائی دے رہی ہے تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ اس وائرس پر مکمل طور پر کنٹرول کرلیا گیا ہے۔‎

اگرچہ جون کے مقابلے میں جولائی میں کیسز کی تعداد کم دیکھی جارہی ہے تاہم اس کی ایک بڑی وجہ ٹیسٹ کی تعداد میں بھی کمی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی ساڑھے 4 ماہ کی صورتحال پر اگر ایک نظر ماریں تو 26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد مارچ کے آخر تک ملک میں کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تک تھیں، تاہم اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھی اور 30 تاریخ تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور اموات 385 تک پہنچ گئیں۔

مئی کے مہینے میں صورتحال میں تبدیلی آئی اور کیسز ایک ماہ میں بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، جس کے بعد جون کا مہینہ اب تک کا سب سے تشویشناک رہا ہے جہاں ایک ماہ میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے زائد ہوگئیں۔

جولائی کے 15 روز کے دوران ملک میں 45 ہزار نئے کیسز اور ایک ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

آج (16 جولائی) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیس اور اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 494 نئے کیسز اور 8 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق ملک کے سب سے بڑے آبادی والے صوبے پنجاب گزشتہ 24 گھنٹوں میں 494 افراد ایسے تھے جن میں کورونا کی تشخیص ہوئیں، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 88 ہزار 539 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ وہاں 8 افراد کا انتقال بھی ہوا جس کے بعد پنجاب میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 51 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 87 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد جان سے گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 87 افراد کے متاثر ہونے سے اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 402 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرنے سے وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے ہوئی اموات کی تعداد 156 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک کے دیگر حصوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے برعکس آزاد کشمیر میں تعداد میں اضافہ دیکھا گیا اور وہاں کیسز گلگت بلتستان سے زیادہ ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 83 مزید کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1771 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

آزاد کشمیر میں کیسز زیادہ ہونے کے بعد گلگت بلتستان ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ بن گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 42 نئے کیسز آئے جس سے مجموعی تعداد 1750 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں یومیہ کیسز کے مقابلے میں کافی زیادہ اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 927 افراد ایسے تھے جنہوں نے کورونا وائرس سے شفا حاصل کرلی۔

اس طرح ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 737 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز257914

اموات5426

صحتیاب178737

فعال کیسز73751

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 8 ہزار 913 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 88 ہزار 539 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 217 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 322 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 402، گلگت بلتستان میں 1750 اور آزاد کشمیر 1771 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2051

سندھ: 1888

خیبرپختونخوا: 1120

بلوچستان: 127

اسلام آباد: 156

آزاد کشمیر: 46

گلگت بلتستان: 38