ہیڈلائن

کورونا وبا: ملک میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد، 61 ہزار 383 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز میں تو اضافہ ہوہی رہا ہے تاہم اب اموات کی تعداد بھی کافی تیزی سے بڑھنے لگی ہے۔

آج آنے والے نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 62 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 229 تک جاپہنچیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں جمعہ (19 جون) کی صبح تک 1885 نئے کیسز اور 64 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز میں ملک میں ہر روز 130 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔‎

یہی نہیں بلکہ پاکستان دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں 13ویں نمبر پر آگیا ہے۔

اگرچہ ملک میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوبارہ سے لاک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کورونا سے متاثرہ مخصوص علاقے بند کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

فروری کے آخری 4 دن سے لےکر مارچ کے آخر تک ملک میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ اموات کی تعداد 26 تھی، جس کے بعد اپریل کے اختتام تک کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہونا شروع ہوئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔

تاہم جون کا مہینہ اب تک کا سب سے خطرناک ثابت ہوا ہے اور 18 روز کے دوران 90 ہزار سے زائد کیسز اور 1500 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

آج (19 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1540 نئے کیسز اور 63 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار و دیگر معلومات کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1540 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی، جس سے یہ تعداد 61 ہزار 678 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں 63 افراد کورونا سے لقمہ اجل بھی بن گئے جس سے یہ تعداد 1202 سے بڑھ کر 1265 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 304 نئے مریض جبکہ ایک موت کی تصدیق کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 9 ہزار 941 تک پہنچ گئے۔

اسی طرح مزید ایک فرد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہار گیا جس سے یہ تعداد 94 سے بڑھ کر 95 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 مریض سامنے آگئے۔

ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 1213 سے بڑھ کر 1225 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 29 افراد کو اپنا شکار کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آزاد کشمیر میں 29 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 769 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک بھر میں نئے کیسز او اموات میں اضافے کے باوجود کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 168 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

ان نئے مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 59 ہزار 215 سے بڑھ کر 61 ہزار 383 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 165062

اموات: 3229

صحتیاب: 61383

فعال کیسز: 100450

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 62 ہزار 269 ہیں تو وہیں پنجاب میں 61 ہزار 678 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 20 ہزار 182 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 998 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہزار 941، گلگت بلتستان میں 1225 اور آزاد کشمیر 769 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1265

سندھ: 964

خیبرپختونخوا: 773

بلوچستان: 99

اسلام آباد: 95

گلگت بلتستان: 18

آزاد کشمیر: 15