کورونا وبا: پاکستان میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن، 91 فیصد مریض صحتیاب

دنیا بھر میں 2 کروڑ کے قریب لوگوں کو متاثر کرنے والے اور 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی 2 لاکھ 84 ہزار 638 لوگوں کو متاثر کرچکا ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ اس میں سے 2 لاکھ 60 ہزار 764 مریض شفایاب بھی ہوگئے ہیں جو مجموعی کیسز کا 91 فیصد سے زائد ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 6 ہزار 96 تک پہنچ چکی ہے۔

اگر آج (10 اگست) کی صبح تک کورونا وائرس کی صورتحال کی بات کریں تو ملک میں مزید 157 نئے کیسز اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 516 مریض صحتیاب ہوگئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس خطے میں دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی دیر سے فروری کے آخر میں آیا تھا جبکہ یہاں 2 سے 3 ماہ کی کیسز کی بلندی کے بعد صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔‎

فروری اور مارچ کے مہینے میں ملک میں کورونا کے کیسز کافی کم تھے تاہم اپریل میں ان میں اضافہ ہونا شروع ہوا، جس کے بعد مئی اور پھر جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی، تاہم جولائی کے مہینے میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی اور یہی صورتحال اگست میں بھی برقرار ہے۔

آج ملک میں سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 117 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار کی فراہمی کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 94 ہزار 477 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد کی موت سے مجموعی اموات 2 ہزار 170 تک ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی اور مزید 20 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں 20 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز 15 ہزار 261 تک پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان

ملک میں متاثرہ حصوں میں دوسرے نمبر پر کم متاثر گلگت بلتستان میں مزید 13 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 13 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 334 تک جاپہنچی۔

اس کے علاوہ وہاں 2 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 57 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر جو ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ ہے وہاں کیسز میں 7 کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 7 نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 2 ہزار 141 تک پہنچ گئے۔

صحتیاب افراد

تاہم جہاں کیسز سامنے آرہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 516 مریض شفا پاگئے۔

ان نئے مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 764 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 284638

اموات: 6096

صحتیاب: 260764

فعال کیسز: 17778

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 23 ہزار 849 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 477 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 692 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 884 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 261، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 141 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 334 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2272

پنجاب: 2170

خیبرپختونخوا: 1231

بلوچستان: 137

اسلام آباد: 171

آزاد کشمیر: 58

گلگت بلتستان: 57

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *