کورونا وبا: پاکستان میں مزید 33 اموات، 2 ہزار 50 نئے کیسز بھی رپورٹ

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل تھا جہاں کورونا وائرس کی پہلی لہر میں صورتحال کافی بہتر رہی تھی تاہم گزشتہ کچھ روز سے دوسری لہر کے آنے کے بعد کیسز اور اموات میں پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہے جس میں سے 3 لاکھ 24 ہزار 824 صحتیاب ہوئے ہیں جو 90 فیصد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 193 تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 50 کیسز اور 33 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 1010 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 29 ہزار 55 تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے جون تک وبا کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی گئی۔‎

تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور یہ سلسلہ ستمبر کے اوائل تک جاری رہا۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط سے ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور اکتوبر میں اس میں مزید تیزی آگئی، جس کا رجحان نومبر میں بھی نظر آرہا ہے اور ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

آج 17 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں 24 گھنٹوں میں مزید 848 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 528 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 4 افراد ایسے تھے جو اس عالمی وبا کے باعث انتقال بھی کرگئے اور یوں یہ تعداد 2 ہزار 451 تک جا پہنچی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 597 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار 47 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 17 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 492 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 245 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 42 ہزار 615 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 4 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 1315 تک جاپہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 42 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 449 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یہ 156 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 226 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 24 ہزار 444 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 260 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 83 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 538 ہوگئی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ کچھ روز سے کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے 5 اموات کا اضافہ بھی رپورٹ ہوا اور یہ تعداد 126 تک پہنچ گئیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 461 ہوگئی۔

وادی میں اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1010 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 834 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 361082

صحتیاب: 324834

اموات: 7193

فعال کیسز: 29055

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *