کھیل

کورونا کے سبب یورو کپ اور کوپا امریکا ایک سال کیلئے مؤخر

Share

عالمی سطح پر کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر رواں سال شیڈول سال کے اہم فٹبال مقابلوں یورو کپ اور کوپا امریکا کو ایک سال کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو یورپیئن فٹبال گورننگ باڈی کا خصوصی اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں نے یورو کپ کو ایک سال کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ ٹورنامنٹ رواں سال 12 جون سے 12جولائی تک منعقد ہونا تھا لیکن اب اسے آئندہ سال 11جون سے 11جولائی تک منعقد کیا جائے گا۔تحریر جاری ہے‎

اس ایونٹ کے التوا کے بعد اب وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ملتوی ہونے والی دنیا بھر کی یورپیئن لیگز کے مقابلے منعقد ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے لیکن اس کا انحصار بھی اس بات پر ہو گا کہ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں مزید کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

یوئیفا کے صدر الیگزینڈر کیفرن نے کہا کہ اس وقت میں فٹبال کی برادری کو ذمے داری، اتحادی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے ک ضرورت ہے اور ہمارے لیے کھلاڑیوں، شائقین اور عملے کی صحت اولین ترجیح ہے۔

یورو کپ کی طرح امریکا بھر کے ممالک کے درمیان منعقد ہونے والے مقابلے کوپا امریکا کپ کو بھی ایک سال کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔

اس ایونٹ کا انعقاد بھی 12 جون سے 12جولائی سے ہونا تھا اورت پہلی مرتبہ ایک کے بجاے کوپا امریکا کے مقابلوں کا انعقاد دو ملکوں ارجنٹینا اور کولمبیا میں ہونا تھا۔

اب یورو کپ کی طرح یہ مقابلے بھی آئندہ سال 11جون سے 11جولائی تک منعقد ہوں گے جس میں 11 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ یورو کپ میں پرتگال نے فتح حاصل کی تھی جبکہ 2019 کے کوپا امریکا کے مقابلے میں برازیل نے ہوم گراؤنڈ پر پیروکو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر کے کھیلوں کے مقابلے کورونا وائرس سے بری طرح متاثرہ ہوئے ہیں جہاں اب تک ایک لاکھ 80ہزار افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور 4ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

دنیا بھر میں فٹبال، کرکٹ، ٹینس، باسکٹ بال سمیت اہم کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دیے گئے ہیں اور حال ہی میں سال کے دوسرے گرینڈ سلیم مقابلے فرنچ اوپن کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔