کیرون پولارڈ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

محدود اوورز کی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرون پولارڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس وقت انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے 34سالہ آل راؤنڈر نے انسٹاگرام پر ویڈیو اور ٹوئٹر پر محض چند الفاظ کے ذریعے اپنی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بہت سوچ بچار کے بعد میں نے آج انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔‎

پولارڈ نے کہا کہ 10سال کی عمر سے میرا خواب تھا کہ میں ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کروں اور میں ٹی20 اور ون ڈے کھیل کے دونوں فارمیٹس میں 15سال تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتا ہوں۔

پولارڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی نہیں کی لیکن 2007 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور 123 ون ڈے اور 101 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

انہیں 2019 میں وائٹ بال کرکٹ کی قیادت سونپی گئی تھی۔

پولارڈ نے کہا کہ مجھے آج بھی اپنے بچپن کے ہیرو برائن لارا کی زیر قیادت 2007 میں ڈیبیو کرنے کا لمحہ یاد ہے، یہ میرون رنگ کی جرسی پہننا اور عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا بہت اعزاز کی بات تھی۔

پولارڈ نے آخری مرتبہ رواں سال فروری میں دورہ بھارت پر ویسٹ انڈیز کی نمانئدگی کی تھی۔