گوگل پکسل 6 کی قیمت گزشتہ سال کے ماڈل سے بھی کم رکھنے کا امکان

چپس کی قلت کے باعث اکثر کمپنیوں کی جانب سے نئے اسمارٹ فونز زیادہ قیمت یا گزشتہ سال کی قیمت پر متعارف کرایا جارہا ہے۔

مگر حیران کن طور پر گوگل کی جانب سے سال سے پکسل سیریز کے نئے فونز گزشتہ برس کے مقابلے میں کم قیمت پر پیش کیے جائیں گے۔

نئی لیک کے مطابق گوگل پکسل 6 کے 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 599 ڈالرز (ایک لاکھ 2 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا جو پکسل 5 کے مقابلے میں 100 ڈالرز کم ہے۔

پکسل 6 پرو کا 128 جی بی اسٹوریج والا فون 898 ڈالرز (ایک لاکھ 53 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں پکسل 6 سیریز کے فونز زیادہ طاقتور ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر سے لیس ہوں گے۔

درحقیقت کچھ عرصے پہلے گوگل کے ہارڈ ویئر چیف رک اوسیٹرلو نے بتایا تھا کہ نیا فون پریمیئم پرائس پراڈکٹ ہوگا جس سے ایک ہزار ڈالرز کی قیمت کا عندیہ ملا تھا۔

مگر اس کے برعکس کمپنی کی جانب سے گزشتہ سال کے ماڈلز سے بھی کم قیمت میں فونز کو پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گوگل پکسل 6 سیریز کے فونز 19 اکتوبر کو متعارف کرائے جارہے ہیں۔

یہ اولین فونز ہیں جو گوگل کے تیار کردہ ٹینسر پراسیسر سے لیس ہوں گے جبکہ فیس ان لاک سپورٹ بھی ان کا حصہ ہوگی۔

یہ نیا پراسیسر اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا جبکہ فونز کے کیمرا سیٹ اپ میں ایک نیا کیمرا اور ایک ٹیلی فوٹو لینس موجود ہوگا جو 5 ایکس آپٹیکل زوم کی سہولت فراہم کرے گا۔

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہر سال نئے پکسل فونز ہی اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرانے کا ذریعہ بھی ہوتے ہیں تو اس بار اینڈرائیڈ 12 پکسل 6 سیریز کا حصہ ہوگا۔

نئے پکسل اسٹینڈ سے 23 واٹ وائرلیس فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ گوگل نے اس فونز کے لیے 5 سال تک اینڈرائیڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹس دینے کا وعدہ کیا ہے۔

گوگل کے ان نئے فونز میں سام سنگ کا 5 جی موڈیم استعمال کیا جائے گا اور اس طرح جنوبی کورین کمپنی پہلی بار اس شعبے کے لیے امریکی مارکیٹ میں بھی قدم رکھے گی، جہاں ابھی کوالکوم کا غلبہ ہے۔

گوگل کے نئے پراسیسر ٹینسر کو بھی سام سنگ ہی تیار کررہی ہے۔

اس بار کے فونز میں سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں ایک نمایاں بہتری بیٹری کے حجم میں آئے گی۔

پکسل 6 میں 4614 ایم اے ایچ جبکہ پرو ماڈل میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دیئے جانے کا امکان ہے۔

گوگل پکسل 6 میں 6.4 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ہوگا جبکہ بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا جو 50 میگا پکسل مین اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمروں پر مشتمل ہوگا۔

8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن پکسل 6 کا حصہ ہوں گے۔

اس کے مقابلے میں پکسل 6 پرو میں 6.71 انچ کا بڑا ڈسپلے ہوگا جس کے فرنٹ پر 12 میگا پکسل کیمرا ہوگا۔

بیک پر 50 میگا پکسل مین، 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ ہوگا۔

فون کے اندر 12 جی بی ریم ہوگی جبکہ 128، 256 اور 512 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے جائیں گے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: