ہونڈا سٹی کے مقابلے میں چینی کمپنی کی سیڈان پاکستان میں متعارف

طویل انتظار کے بعد چینی کمپنی چین گن نے اپنی سیڈان گاڑی آلسوین پاکستان میں متعارف کرادی ہے۔

1500 سی سی یہ گاڑی ہونڈا سٹی اور ٹویوٹا یاریز کے مقابلے پر پیش کی گئی ہے اور کمپنی نے اسے مارکیٹ میں دستیاب سستی گاڑی قرار دیا ہے۔

پاکستان کی ماسٹر موٹرز اور چین کی چین گن کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی اس گاڑی کے بارے میں بتایا گیا کہ اس گاڑی میں ایسی متاثر کن آٹوموٹیو ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے جو پاکستان میں پہلے کبھی پیش نہیں کی گئی۔

کمپنی کے بیان کے مطابق یہ گاڑی 3 ورژن میں دستیاب ہوگی، ایک 1.37 لیٹر اسمارٹ مینوئل ٹرانسمیشن ماڈل، دوسرا 1.5 لیٹر 5 اسپیڈ ڈوئل کلچ آٹو میٹک ٹرانسمیشن (ڈی سی ٹی) اور تیسرا لگژری 1.5 لیٹر ڈی سی ایڈٰشن۔‎

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ تیسرے ماڈل میں ایسے فیچرز موجود ہیں جو صارفین نے اس سے پہلے خواب میں ہی دیکھیں ہوں گے۔

یہ گاڑی اسٹارٹ اسٹاپ ٹیکنالوجی (ایس ایس ٹی) اور ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم (ٹی پی ایم ایس) جیسے فیچرز سے لیس ہے، ایس ایس ٹی ٹریفک میں پھنس جانے یا سگنل بند ہونے پر چلتی گاڑی کے ایندھن کو بانے میں مدد دے گا جبکہ دوسرا فیچر مینٹی نینس کے لیے کارآمد ہے جو ٹائروں میں ہوا کے دباؤ کے بارے میں یاددہائی کرائے گا۔

گاڑی میں 7 انچ کا ہیومین مشین انٹرفیس (ایچ ایم آئی) موجود ہے جو مختلف فننکشنز جیسے اے سی، لائٹ اور لاکس میں مدد دیتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس نئی گاڑی میں الیکٹرونک سن روف موجود ہے، عام طور پر یہ فیچر اس کیٹیگری کی گاڑیوں میں نہیں ہوتوا۔

اس کے علاوہ ریورس کیمرا نصب ہے جس میں پارکنگ سنسرز موجود ہیں جو کمپنی کے بقول ٹویوٹا اور ہونڈا کی اس کیٹیگری کی گاڑیوں میں نہیں اور اس کے باعث ڈرائیور کے لیے پارکنگ بہت آسان ہوجائے گی۔

گاڑی کے دیگر نمایاں فیچرز میں طاقتور پراجیکٹر ہیڈلیمپس، ہیٹیڈ سائیڈ مررز اور 2 ایئربیگز قابل ذکر ہیں۔

اس گاڑی کو پاکستان میں لگے پلانٹ میں ہی اسمبل کیا جائے گا۔

فوٹو بشکریہ پاک وہیلز
فوٹو بشکریہ پاک وہیلز

کمپنی کی جانب سے گاڑی کی قیمت کا اعلان نہیں ہوا بلکہ یہ بتایا کہ اس بارے میں جنوری میں بتایا جائے گا، البتہ کمپنی کی ویب سائٹ پر اس کی پری بکنگ کی جاسکتی ہے۔

ویب سائٹ سے ہی عندیہ ملتا ہے کہ یہ گاڑی 6 مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگی۔

error: