فیچرز

امریکی سنار نے 10 لاکھ ڈالر کا خزانہ چھپادیا، تلاش کرنے والا مالک ہوگا

Share

مشی گن: امریکی سنار نے دس لاکھ ڈالر (پاکستانی 16 کروڑ روپے) کے زیورات زمین میں کئ مقامات پر چھپادیئے ہیں اور لوگوں کو ٹکٹ فروخت کرکے ان کی شناخت میں مدد دینے والے کچھ اشارے دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ جو اس خزانے کو نکالے گا وہی اس کا مالک بھی ہوگا۔

مشی گن کے جوہری جونی پیری کا کاروبار کورونا وبا سے شدید متاثر ہورہا تھا اس لیے انہوں نے دکان بند کرنے اور 10 لاکھ ڈالر کے زیورات و جواہرات سے رقم کمانے کا سوچا۔ زیورات کو انہوں نے درجن بھر مقامات پر زمین میں چھپایا ہے اور وہ اس کے اشارے ٹکٹ کے ذریعے مختلف لوگوں کو فروخت کرکے رقم کمانا چاہتے ہیں۔

یہ زیورات انہوں نے ڈیٹرائٹ کے شہری علاقے سے لے کر سمندر کنارے پر چھپائے ہیں۔ اب انہوں نے لوگوں کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اپنی قسمت آزمائیں اور تلاش کرکے خزانے کے مالک بنیں۔ جونی کہتے ہیں کہ انہوں نے دس لاکھ ڈالر سےزائد کی قیمتی دھاتیں زمین میں دفن کی ہیں، جن میں سونا چاندی، پلاٹینم، ہیرے، جواہرات اور قدیم نوادرات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مدفن شے سے کوئی نہ کوئی یاد اور تاریخ وابستہ ہے۔