کھیل

انگلینڈ کی کلیئر کونر ‘ایم سی سی’ کی پہلی خاتون صدر نامزد

Share

انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان کلیئر کونر کو تاریخی میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی پہلی خاتون صدر نامز کردیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ویمنز کرکٹ کی منیجنگ ڈائریکٹر کلیئر کونر نئے عہدے پر یکم اکتوبر2021 کو براجمان ہوں گی۔

کلیئر کونر ایم سی سی میں سری لنکا کے سابق عظیم بلے باز اور کپتان کمار سنگاکارا کی جگہ لیں گی جنہیں دوسری مدت کے لیے صدارت کی پیشکش کی گئی ہے۔

کلیئر کونر کا کہنا تھا کہ ‘ایم سی سی کی اگلی صدر نامزد ہونا انتہائی عزت کی بات ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کرکٹ نے پہلے ہی میری زندگی کو بھرپور بنایا ہے اور اب مجھے شان دار عزت مل رہی ہے’۔

خیال رہے کہ ایم سی سی میں اس وقت مجموعی طور پر 18 ہزار اراکین ہیں جبکہ 2018 میں پہلی مرتبہ خواتین کو رکنیت دی گئی تھی حالانکہ 20 برس قبل ہی خواتین کو شامل کرنے کے حق میں ووٹ دیا گیا تھا۔

ایم سی سی کا مرکز تاریخی میدان لارڈز میں ہے جبکہ یہ کرکٹ کے قوانین کے سرپرستی کرتا ہے۔

کلیئر کونر کا کہنا تھا کہ ‘میں نے 9 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ لارڈز کا دورہ کیا تھا جب خواتین کو لانگ روم میں جانے کی اجازت نہیں تھی، لیکن اب وقت تبدیل ہوچکا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اب مجھے غیر معمولی موقع ملا ہے، ایسا موقع کہ ایم سی سی کی مدد میں کردار ادا کرنے کا، جو کرکٹ کا بااثر کلب ہے اور کھیل کو جدید تر بناتا ہے’۔

سابق آل راؤنڈر کلیئر کونر نے کھلاڑی کی حیثیت سے انگلینڈ کی جانب سے 42 سال میں پہلی مرتبہ خواتین ایشز سیریز میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے اکتوبر 2019 میں ایم سی سی کی صدارت سنبھالی تھی اور کورونا وائرس کے باعث انہیں مزید ایک سال کے لیے عہدہ اپنے پاس رکھنے کی پیش کش کی گئی۔

سنگاکارا کا کہنا تھا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ کلیئر کونر نے ایم سی سی کی اگلی صدارت کی دعوت قبول کرلی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کلب کا کردار کرکٹ کی عالمی سطح پر پذیرائی کے لیے اہم ہے اور مجھے امید ہے کہ کلیئر ایم سی سی میں قابل قدر خدمات انجام دیں گی’۔