سائنس

ایک ہی اسکرین پر دو مختلف افراد کےلیے مختلف پیغامات کا تجربہ

Share

ڈیٹرائٹ: کیا یہ ممکن ہے کہ ڈسپلے بورڈ ایک ہو اور اس پر ایک ہی وقت میں دو مختلف تصاویر یا پیغامات لکھے ہوں اور دائیں جانب کھڑے افراد کو الگ پیغام نظر آئے اور بائیں جانب کھڑے لوگوں کو مختلف ٹیکسٹ دکھائی دے۔

اگرچہ یہ سائنس فکشن کا احوال معلوم ہوتا ہے لیکن ایسا ممکن ہے جسے متوازی حقیقت (پیرالل رئیلٹی) نوٹس بورڈ کا نام دیا گیا ہے اور ڈیٹرائٹ شہر میں ایسا اولین بورڈ نصب کیا جائے گا۔

اس بورڈ میں ایک ہی وقت میں دو افراد دومختلف پیغامات دیکھ سکیں گے۔ دائیں جانب کھڑے افراد کو بورڈ کی معلومات عربی کا ہسپانوی میں دکھائی دیں گی اور بائیں جانب کھڑے افراد کو انگریزی یا فرنچ میں وہی پیغام پڑھنے کو ملے گا۔

اسے بنانے کا مقصد مصروف ایئرپورٹ کے ٹیکسٹ سے اٹااٹ بھرے بورڈ میں وسعت پیدا کرنا ہے۔ عموماً ایسے بورڈ پر ہجوم رہتا ہےاور فلائٹ کی معلومات دھیرے دھیرے اوپر نیچے یا دائیں بائیں کھسکھتی رہتی ہے۔ لیکن پیرالل رئیلٹی کے ذریعے ایک ہی بورڈ پر دو یا اس سے زائد ڈسپلے ظاہر کئے جاسکتےہیں۔ دونوں پیغامات کو پڑھنے کے لیے لوگوں کو دیکھنے کا زاویہ تبدیل کرنا ہوگا۔

اس بورڈ کو سافٹ ویئر کے ذریعے کنٹرول کیا جائے جس میں روشنی اور پکسل کو مختلف زاویوں سے نشر کیا جائے گا۔ ڈیلٹا ایئرلائن کے سی او او گِل ویسٹ نے اسے انقلابی ٹیکنالوجی قرار دیا ہے ۔ ایسے بورڈ کے ذریعے مصروف ترین بورڈ پر لوگ بہت سہولت سے اپنی فلائٹ اور اگلے سفر کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔

توقع ہے کہ اس طرح کا ڈسپلے اس سال کے وسط تک ڈیٹرائٹ ہوائی اڈے کی زینت بنے گا۔