دنیابھرسے

برطانوی ایئرلائنز کا پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

Share

راولپنڈی: اسلام آباد سے برٹش ایئرویز کو اجازت ملنے کے بعد کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اپنے فلائٹ آپریشن کو دوبارہ شروع کرے گی۔

ایئر لائن کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے میں تین بار لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، پہلی پرواز 14 اگست کو اسلام آباد میں لینڈ ہوگی اور اس کے عملے اور مسافروں کی حفاظت کے لیے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔

اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات اور عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے کے لیے ایک اور اہم قدم ہے۔

کورونا وائرس کے سبب مسافروں کو ماسک پہننے لازمی ہوگا اور انہیں پرواز کے دوران ہینڈ سینیائٹرز بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ عملے کے اراکین دوران پرواز ماسک پہنیں گے جبکہ ہوائی اڈوں پر اضافی اقدامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ مسافر محفوظ رہیں۔‎

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سی ایم جی نے برٹش ایئرویز کے پاکستان کے لیے ’فلائٹ آپریشن‘ کی بحالی کو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان روابط کے لیے ایک اہم لمحہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘برٹش ایئرویز کی براہ راست پروازوں کے دوبارہ آغاز سے سینکڑوں ہزاروں مسافروں کو بڑھاوا ملے گا جو دو عظیم ممالک کے درمیان باقاعدگی سے سفر کرتے ہیں، بہت سے ایسے افراد جو وبائی امراض کے باعث اپنے سفری منصوبوں کو روک چکے ہیں، میں حکومت پاکستان، برٹش ایئرویز اور پاکستان میں اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس خوش آئند خبر کو پہنچانے کے لیے سخت محنت کی ہے’۔

برٹش ایئرویز میں ایشیا پیسیفک اور مشرق وسطی میں فروخت کے سربراہ مورین برجر نے کہا کہ ‘ہمیں خوشی ہے کہ ایک بار پھر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک سروس فراہم کریں گے، ہم جانتے ہیں کہ دونوں ممالک میں ہمارے بہت سارے صارفین دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ ملنے کا انتظار کر رہے ہیں، ہم جہاز پر ان کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں’۔

برٹش ایئرویز کی براہ راست پروازیں 10 سال کے وقفے کے بعد جون 2019 میں دوبارہ شروع ہوئی تھیں۔

اس ایئرلائن نے سب سے پہلے 1976 میں اسلام آباد کے لیے پرواز بھری تھی۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے پروازیں اتوار، منگل اور جمعرات کو چلائی جائیں گی، رات 8 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوں گی اور 4 بجکر 20 منٹ پر اسلام آباد پہنچیں گی۔

اسلام آباد سے پروازیں پیر، بدھ اور جمعہ کو صبح 6 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوں گی اور دوپہر 3 بجے لندن پہنچیں گی۔

برٹش ایئرویز نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) سے اگست میں اسلام آباد سے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت طلب کی تھی کیونکہ کورونا وائرس پھیل جانے کے باعث پروازیں معطل ہوچکی تھیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر دبئی اور لندن میں برٹش ایئرویز کے حکام اور پی سی اے اے کے درمیان دو اجلاس ہوئے تھے، ایئر لائن نے پی سی اے اے کے لینڈنگ اور مسافروں کے معاوضوں میں کافی ریلیف طلب کیا تھا۔

پی سی اے اے کے حکام کا کہنا تھا کہ ‘برٹش ایئرویز نے اسلام آباد کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی تھی جسے جمعرات کے روز لینڈنگ اور مسافروں کے معاوضوں میں ریلیف دی گئی’۔

پی آئی اے کا بھی برطانیہ کے لیے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

پی آئی اے حکام نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ‘قومی ایئر لائن کی پروازیں برطانیہ کے لیے دوبارہ شروع ہورہی ہیں’۔

علاوہ ازیں ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ‘اب پی آئی اے کے مسافر برطانیہ کے 3 مقامات کے لیے براہ راست سفر کرسکیں گے’۔

خیال رہے کہ یکم جولائی کو برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے 3 ایئرپورٹس سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ‘برمنگھم، لندن ہیتھرو اور مانچسٹر ایئرپورٹس سے پی آئی اے کی پروازیں فوری طور پر معطل کی جاتی ہیں’۔

خیال رہے کہ برطانیہ کے مذکورہ تینوں ایئرپورٹس ایئرلائن کی بڑی منازل ہیں۔

برطانیہ کی جانب سے یہ اعلان یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) کے آئندہ 6 ماہ تک پی آئی اے کے آپریشن معطل کرنے کے فیصلے کے بعد کیا گیا تھا۔

بعدازاں پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اس کا اطلاق یکم جولائی 2020 کو رات بجے سے ہوگا اور کہا تھا کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جاسکے گی۔