جمالیات

شاہ رخ خان نے اپنا دفتر قرنطینہ مرکز بنانے کے لیے دے دیا

Share

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے کورونا بحران کے پیشِ نظر اپنے دفتر کی چار منزلہ عمارت کو قرنطینہ مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے اس سینٹر میں بچوں، خواتین اور معمر افراد کی دیکھ بھال کی جائے گی۔

گریٹر ممبئی میونسپل کارپوریشن یعنی بی ایم سی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے یہ اطلاع دی کہ ’ہم شاہ رخ خان اور (ان کی اہلیہ) گوری خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنے چار منزلہ دفتر کی جگہ کو قرنطینہ مرکز بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ حقیقی طور پر بروقت لیا جانے والا ایک ہوش مند فیصلہ ہے۔‘

دوسری جانب شاہ رخ خان یا ان کی اہلیہ گوری خان نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر اس کے بارے میں کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔

شاہ رخ خان اور ان کے اہل خانہ کی اس نیک پیش قدمی پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور ‘دان کرتا شاہ رخ خان’ یعنی عطیہ دینے والے شاہ رخ خان کے ساتھ ’شاہ رخ ہوم فار کورنٹائن‘ بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔

گورو چننا نامی ایک ٹویٹر صارف نے شاہ رخ کی تصویر کو ترنگے (انڈین قومی) پرچم کے ساتھ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’دیش کی شان، شاہ رخ خان۔‘

جبکہ شاہ رخ کے ایک پرستار امت کمار نے لکھا کہ ’ایک ہی دل کتنی بار جیتیں گے، سر۔ مجھے الفاظ نہیں مل رہے ہیں۔ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ مجھے آپ کا فین ہونے پر فخر ہے۔‘

چرن نامی ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’شاہ رخ خان وہ خاموش جنگجو ہیں جو خاموشی سے کورونا سے لڑنے میں ملک کی مدد کررہے ہیں۔ میں ان کا ہاتھ جوڑ کر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

گذشتہ دنوں شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے کورونا بحران سے نکلنے میں مدد کے لیے کئی اہم اعلان کیے۔ ان دنوں شاہ رخ خان اور گوری ٹویٹر پر بھی کافی سرگرم نظر آرہے ہیں۔ شاہ رخ خان نے وزیر اعظم کیئرس فنڈ اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں بھی عطیہ کیا ہے۔

کورونا

اس کے علاوہ انھوں صحت کے شعبے سے جڑے لوگوں کے لیے ماسک اور دستانے جیسے 50 ہزار پرسنل پروٹیکشن آلات (پی پی ای) کے لیے بھی فنڈز دیے ہیں اور ساتھ ہی شاہ رخ خان نے لوگوں کی مدد کرنے والی چار تنظیموں کو بھی مالی اعانت فراہم کی ہے۔

اس بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے انھوں نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’اس وقت لوگوں کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔۔۔ ان لوگوں کے لیے جو دن رات بغیر آرام کیے آپ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ لہثذا آئیں یہ یقینی بنائیں کہ ہم اپنے چھوٹے سے کردار کو صحیح طریقے سے ادا کریں اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔ تمام ہندوستانی ایک کنبہ ہیں۔‘

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت بہت سے لوگوں نے شاہ رخ خان کی جانب سے مدد کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جب مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ کے دفتر سے ان کا شکریہ ادا کیا گیا تو انھوں نے مراٹھی زبان میں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہم سب ایک ہی خاندان ہیں اور سب ایک ساتھ رکھنا ہے، صحت مند رکھنا ہے۔‘

جب اروند کیجریوال نے شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کیا تو انھوں نے جواب میں ٹویٹ کیا کہ ’سر، آپ تو دلی والے ہو، تھینک یو مت کرو، حکم کرو۔ اپنے دلی والے بھائیوں اور بہنو کے لیے ہم لگے رہیں گے۔ خدا نے چاہا تو ہم جلد ہی اس بحران سے جیت کر نکلیں گے۔‘

اس سے قبل شاہ رخ خان نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘ جنتا کرفیو’ کا خیرمقدم کیا تھا۔ وہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی مسلسل پوسٹ کر رہے ہیں اور لوگوں سے لاک ڈاؤن کی پیروی کرنے کی اپیل بھی کرتے ہوئے گھر میں رہنے کی تلقین کر رہے ہیں۔