سائنس

ماریو کے مشرومز سے سیخ چھپکلی تک، ویڈیو گیمز کی تاریخ کے 10 لذیذ ترین کھانے کون سے ہیں؟

Share

کسی ویڈیو گیم کے کردار کو کھانے کی ضرورت کیوں پڑے گی؟ مگر درحقیقت انھیں ضرورت پڑتی ہے اور ان کھانوں کی بڑی عجیب و غریب شکلیں ہو سکتی ہیں۔

چاہے یہ صحت واپس حاصل کرنے کے لیے فوری کچھ کھانا ہو، خصوصی طاقتیں حاصل کرنے کے لیے جادوئی محلول پینا ہو، کھانے ہمیشہ ویڈیو گیمز کا اہم حصہ رہے ہیں۔

کچھ لوگوں کے لیے یہ حیران کن بات ہو سکتی ہے مگر ’گیمنگ پکوان‘ واقعی ایک چیز ہے، اور یہاں ویڈیو گیمنگ کی تاریخ سے 10 لذیذ کھانوں کا ذکر کیا جائے گا۔

1۔ سپر ماریو برادرز سے کھمبیاں

سپر ماریو
ماریو کی کھمبیوں کو کون نہیں پہچانے گا؟

تمام ویڈیو گیمز میں سب سے زیادہ مشہور کھانا بلاشبہ ماریو برادران کی کھمبیاں ہیں۔

ماریو یا ان کے بھائی لوئیگی یہ بڑی سے کھمبی کھاتے ہیں اور سائز میں دوگنے ہو جاتے ہیں۔ سائز بڑا ہو جانے پر وہ بہتر انداز میں گومباس نامی جیتی جاگتی کھمبیوں اور انسانی خصوصیات رکھنے والے کوپاس نامی کچھوؤں سے نمٹ سکتے ہیں۔

مگر یہ بات بھی عجیب تھی کہ ماریو کے سب سے اچھے دوستوں میں سے ایک کھمبی ہی تھی، مگر چلیں اس کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتے۔

2۔ پورٹل سے کیک

یہ مشہور سائنس دان اروِن شروڈنگر کی بلی والے تجربے کی طرح ہے۔ پورٹل (پزل پلیٹ فارم ویڈیو گیم) میں چاکلیٹ کا بڑا سا کیک مرکزی کردار شیل کو تب پیش کیا جاتا ہے جب وہ کھیل کے ہر ٹیسٹ چیمبر یا لیول کو پار کر لیتی ہے۔

مگر مسئلہ یہ ہے کہ شروڈنگر کے مشہور خیالی تجربے کی طرح جس میں کبھی یہ معلوم نہیں ہوتا کہ بلی زندہ ہے یا نہیں، کبھی یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کیک واقعی وجود رکھتا ہے یا نہیں۔

اور کھیل مکمل کرنے پر یہ تو یقینی ہے کہ آپ کو کیک کا سلائس نہیں دیا جاتا۔

اسی وجہ سے پورٹل کی ریلیز کے بعد یہ فقرہ ’کیک صرف ایک جھوٹ ہے‘ انٹرنیٹ میم بنا۔

3۔ سٹریٹس آف ریج سے بھنی ہوئی مرغی

ویڈیو گیمز میں کھانے کا عموماً مقصد توانائی بحال کرنا ہوتا ہے مگر تمام ویڈیو گیمز کو یہ چیز شامل کرنے کا حقیقت سے اتنا قریب تر خیال نہیں آیا جتنا کہ سٹریٹس آف ریج کو۔

90 کی دہائی کے اس کلاسک ویڈیو گیم میں جب آپ کی توانائی کم ہونے لگتی تو آپ کو بھنی ہوئی مرغی کی تلاش میں کچرے کے ڈبوں کو توڑنا ہوتا تھا۔

کیونکہ ظاہر ہے، لوگ پوری بھنی ہوئی مرغی ایسے ہی شہر بھر میں کچرے کے ڈبوں میں چھوڑ دیا کرتے تھے۔

4۔ آئی ایم بریڈ سے ڈبل روٹی

ڈبل روٹی
آئی ایم بریڈ کی مرکزی کردار ایک ڈبل روٹی ہے

ویڈیو گیمز کی تاریخ کے سب سے منفرد آئیڈیاز میں سے ایک میں ویڈیو گیم ’آئی ایم بریڈ‘ میں ڈبل روٹی کے ایک ٹکڑے کا مشن یہ ہوتا ہے کہ وہ خود کو ٹوسٹ کروائے۔

اور جب بھی یہ کسی ایسی چیز کو چھوتا ہے جسے اسے چھونا نہیں چاہیے، مثلاً کیڑوں یا فرش کو، تو یہ کھانے کے کم قابل ہو جاتا ہے اور آپ کے جیتنے کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

بعد کے ورژنز میں ڈبل روٹی کی مزید اقسام متعارف کروائی گئیں کیونکہ جیتی جاگتی اور عجیب و غریب بریڈ سے کس کا دل بھرے گا؟

5۔ مائن کرافٹ سے کورس فروٹ

2000 کی دہائی کے اوائل سے ’مائن کرافٹ‘ مقبول ہوئی اور دنیا بھر کے بچے ایک ایسی گیم میں مصروف ہو گئے جو انھیں ایسا کچھ بھی بنانے کی حوصلہ افزائی کرتا جو وہ سوچ سکتے تھے۔

کرنا صرف یہ ہوتا تھا کہ آپ مختلف چیزیں تعمیر کرتے اور اپنے کریکٹر کو زندہ رکھتے جس میں انھیں زمین پر پائی جانے والی مختلف چیزیں مثلاً کورس فروٹ کھلانا ہوتا تھا۔ یہ ایک ایسا پھل تھا جسے ویسے ہی یا پاپ کارن کی طرح پکا کر کھایا جا سکتا۔

لیکن یہ پھل کھانے کا ایک لازمی مگر عجیب سائیڈ افیکٹ یہ ہوتا کہ آپ کو کھیل کے کسی دوسرے حصے میں پہنچا دیا جاتا۔

6۔ فال آؤٹ سے سیخ پر لگی اِگوانا چھپکلی

فال آؤٹ گیمز میں مستقبل کی ایک بہت تاریک تصویر پیش کی گئی ہے جس میں ایک ایٹمی تباہی نے پوری دنیا کو تباہ کر دیا ہے اور اس کی زیادہ تر آبادی میں جینیاتی تبدیلیاں آ چکی ہیں اور یہ خونخوار ہو چکی ہیں۔

کھانا وافر مقدار میں دستیاب نہیں اور آپ کو اپنے آس پاس موجود چیزوں سے ہی گزارا کرنا پڑتا ہے۔

چنانچہ آپ کو اس کھیل میں اپنی کم ہوتی ہوئی توانائی واپس بحال کرنے کے لیے سب سے عام دستیاب کھانوں میں سے ایک، یعنی سیخ چھپکلی کھانی پڑتی ہے۔

ویسے تو اگوانا چھپکلیاں فال آؤٹ ویڈیو گیم میں نظر آنے والے معدود چند رینگنے والے جانوروں میں سے ہیں مگر یہ کبھی بھی زندہ نظر نہیں آتیں۔

7۔ اوورکُکڈ سے بریٹوز

اوورکُکڈ
اوورکُکڈ میں بریٹو بنانا بھی ایک چیلنج سے کم نہیں

اوورکُکڈ ویڈیو گیم اپنے لت انگیز گیم پلے کی وجہ سے انتہائی مشہور ہوا جس میں کھیلنے والے ایک ہلچل سے بھرپور کچن کے انچارج بنتے ہیں جنھیں بروقت کھانوں کے آرڈر پورے کرنے ہوتے ہیں۔

کچھ تراکیب تو بالکل سادہ اور ایک یا دو اجزا پر مشتمل ہوتی ہیں مگر پھر کچھ ڈشز بریٹو کی طرح اجزا سے لدی ہوئی بھی ہوتی ہیں جو کہ ویڈیو گیم لیجنڈ کا حصہ بن چکی ہیں۔

8۔ گرینڈ تھیفٹ آٹو سے کلّکنگ بیل

گرینڈ تھیفٹ آٹو یا جی ٹی اے ایک ایسے گیم سے شروع ہوا جس میں خراب انداز میں گاڑی چلانی ہوتی اور اس کی دنیا کھیلنے والوں کو ایسے نظر آتی جیسے وہ اوپر سے دیکھ رہے ہوں۔

بعد میں یہ گیم اس قدر وسیع ہو گیا کہ اس کے اندر موجود دنیا کو مکمل طور پر دیکھنا بھی ممکن نہ رہا۔

اور یہ دنیا اتنی زیادہ بڑی ہو گئی کہ اس میں ریستوران کی اپنی چین بھی تھیں جن کے نام برگر شاٹ اور کلّکنگ بیل تھے۔ کلّکنگ بیل فاسٹ فوڈ جوائنٹ تو ایسے کئی لطیفے بھی استعمال کرتا جنھیں ہم یہاں لکھ بھی نہیں سکتے۔

9۔ بریتھ آف دی وائلڈ سے ’مشکوک فوڈ‘

جب آپ اس ویڈیو گیم میں ایک خونخوار مسلح کردار بوکوبلنز کو ہلاک کرنے اور خزانہ ڈھونڈ نکالنے میں مصروف نہ ہوں، تو لیجنڈ آف زیلڈا فرنچائز کا یہ گیم آپ کو کھانا پکانے کی ترغیب دیتا ہے۔

اگر آپ تمام کامبینیشن صحیح رکھیں تو انعام میں آپ کو ایک لذیذ ڈش ملتی ہے جو آپ کی زندگی بحال کر سکتی ہے اور ممکنہ طور پر آپ کو خصوصی طاقتیں بھی دے سکتی ہے۔

مگر غلط اجزا ملائیں اور آپ کو ’مشکوک فوڈ‘ ملتا ہے جس کی پلیٹ اتنی بری ہو گی کہ آپ کو شرمندہ ہونے سے بچانے کے لیے اسے سکرین پر دھندلا کر دیا جاتا ہے۔

10۔ فائنل فینٹیسی 15 سے کچھ بھی

فائنل فینٹیسی 15
فائنل فینٹیسی 15 کے منہ میں پانی بھر دینے والے کھانے

زیادہ تر ویڈیو گیمز کھانوں کو دیکھنے میں لذیذ بنانے پر توجہ نہیں دیتے مگر فائنل فینٹیسی فرنچائز کے 15ویں گیم کی کوشش ہے کہ یہ کھانے سکرین پر بھی مزے دار نظر آئیں۔

اس گیم میں آپ کی بنائی گئی ہر ڈش کو اتنا حقیقی بنانے کے لیے لاتعداد گھنٹوں پر محیط ڈیزائننگ اور بے انتہا کمپیوٹنگ پاور استعمال ہوئی کہ آپ ہاتھ بڑھا کر اس ڈش کو ٹی وی سے نکال کر ہی کھا لینا چاہیں گے۔