جمالیات

ماہرہ خان اور فائزہ سلیم کی مزاحیہ ویڈیو ’شادی پر دلھنوں کی اقسام‘ لوگوں کو بھا گئی

Share

شادیوں کے موسم کی آمد سے ہر کوئی مصروف نظر آرہا ہے۔ کسی کی اپنی شادی ہے تو کوئی دوسروں کی خوشی میں شریک ہونے کے لیے پُرجوش ہے۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر لوگ دلھنوں کی کچھ مخصوص عادات پر اپنا اپنا تبصرہ دے رہے ہیں۔

یہ بحث اداکارہ ماہرہ خان اور ان کے ساتھ فائزہ سلیم نے شروع کی ہے جن کی ’دلھنوں کی اقسام‘ کے نام سے ویڈیو اب تک ہزاروں لوگ دیکھ چکے ہیں۔

یہ ویڈیو یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر شائع کی گئی ہے اور لوگ اس میں فائزہ سلیم اور ماہرہ خان کی مزاحیہ اداکاری کی تعریف کر رہے ہیں۔

ویڈیو پر اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ دلھنیں اپنی شادی پر خوب نخرے دکھاتی ہیں تو بعض سستی میں کچھ کرنے کی زحمت ہی نہیں کرتیں۔ اور بارات پر اکثر دلھنوں کے رونے دھونے کو کوئی بھلا کیسے نظر انداز کر سکتا ہے۔

ماہرہ خان

’ڈولی کی جگہ سائیکل پر اینٹری

ویڈیو میں ماہرہ خان اور فائزہ سلیم کو الگ الگ کرداروں میں دیکھا جا سکتا ہے جن میں ’بیچاری بانو، سست لاریب، یونیق عروسہ، جذباتی ارم اور ماحول دوست عیشا‘ شامل ہیں۔

جہاں جذباتی ارم اس بات پر رو رہی ہیں کہ ان کی ساس کو صرف ’بیف پلاؤ‘ پسند ہے جو شادی کے کھانوں میں شامل نہیں تو وہیں یونیق عروسہ ایک عجیب فرمائش کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ انھیں ڈولی کی جگہ سائیکل پر’’آ جا نی بے جا سائیکل تے‘ گاتے ہوئے اینٹری کرنی ہے۔

شادیوں پر کئی لوگ تو صرف کھانے پینے یا تصویر بنوانے جاتے ہیں۔ اسی لیے فائزہ سلیم ایک ایسی دلھن بھی بنی ہیں جسے اپنی شادی پر صرف اچھے کھانے سے مطلب ہے۔ وہ ایک کردار میں یہ بھی چاہتی ہیں کہ ان کی بہترین پوز میں تصویر آئے۔

فائزہ سلیم
ویڈیو میں فائزہ سلیم اپنی شادی پر ہمیشہ پریشان رہنے والی جذباتی دلھن بھی بنتی ہیں (تصویر بشکریہ میشن)

اور آپ یقیناً ایسی دلھنوں سے بھی واقف ہوں گے جو کہتی ہیں کہ ’میری شادی ہے نا میں سب دیکھ لوں گی۔ ابھی تو پورا مہینہ پڑا ہے۔‘

ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کچھ دلھنوں کو یہ بات بالکل بھی پسند نہیں ہوتی کہ آپ ان کی شادی پر لال کپڑے پہنیں۔ وہ اس بات کا خیال رکھنا چاہتی ہیں کہ ان کی شادی پر صرف وہ لال لباس میں ہوں۔

’بڑی آئی خود کو ماہرہ سمجھنے والی‘

لوگوں نے اس ویڈیو کو کافی پسند کیا ہے اور اس میں دکھائے گئے مزاحیہ کرداروں کو اصل زندگی میں بھی اپنے قریب پایا ہے۔

یوٹیوب پر ویڈیو کے کمنٹس میں ایک صارف نے لکھا ’اس ویڈیو میں ’بڑی آئی خود کو ماہرہ خان سمجھنے والی‘ ایک ایسی لائن تھی جو سب سے زیادہ مزاحیہ تھی۔‘

صارفین کو اس ویڈیو نے مشہور پاکستانی ڈرامے ’ہمسفر‘ کی یاد بھی تازہ کرائی ہے۔ ماہرہ خان کے بارے میں کچھ لوگوں کی رائے ہے کہ وہ ڈراموں میں صرف رونے دھونے والے کردار کرتی ہیں۔ اس ویڈیو میں بھی وہ ایسی دلھن کے ایک کردار میں ہیں جو اپنی والدہ کے سامنے رو پڑتی ہے۔

ایک صارف کے مطابق جذباتی دلھن جب اپنی ماں کا مشورہ سمجھنے سے قاصر ہوتی ہے تو ’ممی آپ یہ کیا کہہ رہی ہیں‘ ہی کہتی ہے۔