ہیڈلائن

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 100 افراد متاثر، اموات ایک ہزار 182 ہوگئیں

Share

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ روز بروز تیز ہوتا جا رہا ہے اور آج اسلام آباد، گلگلت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 100 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 57 ہزار 128 تک جا پہنچی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 87 گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں 2 کیس سامنے آئے۔

اس کے علاوہ مزید 2 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 182 ہوگئی جبکہ اب تک 18 ہزار 314 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

یادرہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وبا کو آج 3 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے۔‎

اس عرصے میں وبا کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوا خصوصاً مارچ تک صورتحال خاصی قابو میں دکھائی دے رہی تھی تاہم اپریل سے اس میں تیزی آئی اور اب روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز سامنے آتے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز پر نظر دوڑائی جائے تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔

اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں خاصی تیزی آئی اور یہ مہینے کے آخر تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی دوران اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم رواں ماہ مئی اس وائرس کے لیے اب تک سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہورہا ہے اور اس دوران کووِڈ19 کے کیسز میں دگنا اضافہ دیکھا گیا اور کیسز میں 39 ہزار جبکہ اموات میں 771 کا اضافہ ہوا۔

آج (26 مئی) کو اب تک پاکستان میں کورونا وبا کے 100 کیسز اور 2 اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد 832 کا اضافہ ہوا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وبائی بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کل سے بھی زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔

ملک میں کووِڈ 19 کے کسیز، اموات اور دیگر تفصیلات کے لیے تشکیل دی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 87 افراد وائرس کا شکار بنے جبکہ ایک ہلاکت سامنے آئی۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر ایک ہزار 728 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 17 ہے، اسی طرح 157 افراد صحتیابی سے ہمکنار ہوئے۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی مزید 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق جبکہ ایک فرد کی موت ہوئی۔

اس طرح یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 630 تک جا پہنچی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہے۔

سرکاری ویب سائٹ پر بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق وبا سے اب تک 444 افراد صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں کووِڈ 19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد مزید 2 کیسز کے بعد 211 ہوگئی ہے۔

حکومتی سطح پر بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں اموات کی تعداد اب تک ملک کے تمام علاقوں کے مقابلے کم یعنی 2 ہے۔

علاوہ ازیں اس وبائی بیماری سے شفا یاب ہونے والوں کی تعداد 99 تک پہنچ گئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید832 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 482 سے بڑھ کر 18 ہزار 317 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت 57 ہزار 281 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 1182 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 18 ہزار 314 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 37 ہزار 632 فعال کیسز ہیں۔

سندھ میں سب سے زیادہ 22 ہزار 934 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ پنجاب میں 20 ہزار 77 مریض ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 80 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 468 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعدادایک ہزار 728 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 630 اور آزاد کشمیر میں 211 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

خیبرپختونخوا: 408

سندھ: 369

پنجاب: 337

بلوچستان: 41

اسلام آباد: 17

گلگت بلتستان: 08

آزاد کشمیر: 02