کھیل

پاکستانی کرکٹ سکواڈ: حیدر علی کی انٹری، سہیل خان کی واپسی حیران کن

Share

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے طویل دورے کے لیے 29 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ انگلینڈ کے دورے میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پی سی بی کو اس بات کی اجازت دے رکھی ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں کھلاڑی اس دورے پر بھیج سکتا ہے۔

اس دورے کے لیے تمام کھلاڑیوں کی ایک ساتھ روانگی اور واپسی ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں کو انگلینڈ پہنچ کر دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا ہوگا ۔

محمد عامر اور حارث سہیل غیرحاضر

کرکٹ

ٹیم کے اعلان سے ایک روز قبل فاسٹ بولر محمد عامر اور حارث سہیل نے دورے میں اپنی عدم دستیابی کے بارے میں بورڈ کو آگاہ کردیا تھا۔

محمد عامر کے یہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے جبکہ حارث سہیل نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر دورے سے معذرت کی ہے۔ حارث سہیل کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ فیملی کے بغیر دورے پر جانے کے لیے تیار نہیں ۔

گذشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے موقع پر بھی انھوں نے اپنی فیملی کو ساتھ رکھنے کے بارے میں بورڈ سے خصوصی اجازت لی تھی۔

حیدر علی کا ٹیلنٹ

انگلینڈ کے دورے کے لیے اعلان کردہ 29 رکنی سکواڈ میں نیا نام حیدر علی کا ہے جنھوں نے حالیہ انڈر 19 میچوں ا ور پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں عمدہ کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔

انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بھی انڈر 19 سیریز میں 317 رنز سکور کیے تھے جبکہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں وہ 218 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ حیدرعلی نے قائداعظم ٹرافی میں 645 رنز بنائے تھے جس میں فائنل میں سنچری قابل ذکر تھی۔

حیدر علی کو ان کی اسی عمدہ کارکردگی کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کیا ہے۔

سہیل خان

سہیل خان کی حیران کن واپسی

فاسٹ بولر سہیل خان کی 29 رکنی اسکواڈ میں واپسی اس لحاظ سے حیران کن ہے کہ انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ چار سال قبل آسٹریلیا کے خلاف میلبرن میں کھیلا تھا۔

گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں انھوں نے نو میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ پاکستان سپر لیگ میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے تھے۔

کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے دورے پر روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ 20اور 25جون کو ہوں گے۔

اگر کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو اس کی جگہ ریزرو کھلاڑیوں میں سے کسی کو سکواڈ میں شامل کر لیا جائے گا۔

بورڈ نے بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا ہے۔

کرکٹ

مصباح الحق کو اچھی کارکردگی کی توقع

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کہتے ہیں کہ انگلینڈ کے طویل دورے میں چونکہ ٹیم کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں طرز کی کرکٹ کھیلنی ہے لہذا ایک متوازن اسکواڈ ترتیب دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیم انگلینڈ پہنچ کر وہاں ایک ماہ بھرپور ٹریننگ کرے گی ۔ کئی ماہ کے وقفے کے بعد کھلاڑیوں کے لیے میدان میں اتر کر کارکردگی دکھانا کسی چیلنج سے کم نہ ہوگا جبکہ انگلینڈ کو یہ فائدہ ہوگا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیل چکی ہوگی۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اس دورے کے لیے سکواڈ ترتیب دیتے وقت ٹیسٹ سیریز کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ یونس خان اور مشتاق احمد کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھائیں۔

پاکستانی اسکواڈ کے29 کھلاڑی

انگلینڈ کے دورے کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اوپنرز مڈل آرڈ بیٹسمین وکٹ کیپرز فاسٹ بولرز سپنرز
شان مسعوداظہر علیسرفراز احمدفہیم اشرفیاسر ساہ
عابد علیبابر اعظمرضوان احمدحارث رؤٰفعماد وسیم
فخر زماناسد شفیقعمران خانکاشف بھٹی
امام الحقفواد عالممحمد عباسشاداب خان
حیدر علیمحمد حسنین
افتخار احمدنسیم شاہ
خوشدل شاہسہیل خان
محمد حفیظشاہین شاہ آفریدی
شعیب ملکعثمان شنواری
وہاب ریاض