پاکستانمعیشت

پاکستان اسٹاک ایکسچینج: دو ہفتے میں چوتھی مرتبہ مندی کے باعث کاروبار روک دیا گیا

Share

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کا آغاز بھی مندی سے ہوا اور کچھ ہی دیر میں 100 انڈیکس 1651 پوائنٹس گرنے سے کاروبار کو روک دیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ دوسرے ہفتے میں چوتھی مرتبہ ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے باعث کاروبار کو 45 منٹ کے لیے روکا گیا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس—اسکرین شاٹ
کے ایس ای 100 انڈیکس

پیر کو جب کاروباری ہفتے کا آغاز ہوا تو مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 651 پوائنٹس گر کر 34 ہزار 409 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔تحریر جاری ہے‎

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس میں بھی 5.53 فیصد تک کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد 10بجکر 13 منٹ پر کاروبار کو روک دیا گیا۔

بورس رولز کے مطابق کے ایس ای 30 انڈیکس 4 فیصد یا اس سے زائد گر جائے اور 5 منٹ تک برقرار رہے تو کاروبار کو 45 منٹ کے لیے روک دیا جاتا ہے۔

دوسری جانب اے کے ڈی سیکیورٹریز کے ڈپٹی ہیڈ آف ریسرچ علی اصغر پونا والا کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کا منفی رجحان رواں ہفتے بھی جاری ہے کیونکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز دوگنے ہونے پر سرمایہ کاروں میں خوف ہراس پھیل گیا ہے جبکہ وائرس سے تجارتی رکاوٹیں اور غیریقینی صورتحان دنیا بھر میں اب بھی باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس کاروباری دن کے آغاز سے ہی 500 پوائنٹس کی کمی سے شروع ہوا جس کے بعد یہ مزید کم ہوکر ایک ہزار 100 پوائنٹس ہوا جو بعد میں ایک ہزار 650 پوائنٹس تک گر کیا۔

بعد ازاں 45 منٹ کی کاروباری کی معطلی کے بعد جب کاروبار بحال ہوا تو بھی مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار دیکھا جارہا اور 11 بجکر 42 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 601 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 34 ہزار 459 پوائنٹس پر موجود رہا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس—اسکرین شاٹ
کے ایس ای 100 انڈیکس

تاہم وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ مندی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور 12.35 منٹ تک کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 209 پوائنٹس کم ہوگیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہزار 682 پوائںٹس کی کمی کے بعد کاروبار کو روکا گیا تھا، تاہم بعد ازاں مارکیٹ بند ہونے پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا اور 100 انڈیکس میں 104.19 پوائںٹس کی بہتری دیکھی گئی تھی۔

اس سے قبل 12 مارچ کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی کا رجحان دکھا گیا تھا اور کے ایس ای-100 انڈیکس 4.53 فیصد یا ایک ہزار 707 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا تھا۔

علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے کے آغاز یعنی 9 مارچ کو کاروبار شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 302 پوائنٹس گر گیا تھا جس کے باعث مارکیٹ سے 184 ارب روپے کا بھاری سرمایہ صاف ہوگیا تھا۔