ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد، 73 ہزار 478 صحتیاب

Share

دنیا بھر میں 90 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 4 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ اموات کا سبب بننے والے مہلک نوول کورونا وائرس سے پاکستان میں بھی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔

 آج بھی نئے کیسز اور اموات کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 85 ہزار 34 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 695 تک پہنچ گئیں۔

منگل 23 جون کی صبح تک ملک میں ایک ہزار 734 نئے کیسز اور 67 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کچھ پابندیاں اور بعد ازاں لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا، تاہم ملک کے معاشی حالات اور غریبوں کو سامنے آنے والے مسائل کو دیکھتے ہوئے مئی کے مہینے میں اس میں نرمی کردی گئی تھی اور اب حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کے مرتبہ کردہ اعداد و شمار کے مطابق فروری کے آخری کے دن اور مارچ کے پورے مہینے کے آخر تک لگ بھگ 2 ہزار کورونا کیسز تھے جبکہ اموات کی تعداد 26 تھی۔

بعد ازاں اپریل میں یہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور کیسز بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔

جون کا مہینہ اب تک کے اعداد و شمار کے حساب سے سب سے تشویشناک رہا ہے اور 22 روز کے اندر ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 2 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1365 نئے کیسز اور 60 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 365 نئے کیسز آنے سے مجموعی تعداد 68 ہزار 308 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح صوبے میں مزید 60 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 1435 سے بڑھ کر 1495 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 307 نئے کیسز اور 5اموات کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 10 ہزار 912 سے بڑھ کر 11 ہزار 219 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ اسلام آباد میں 5 اموات کا اضافہ بھی ہوا اور مجموعی تعداد 101 سے بڑھ کر 106 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 38 نئے کیسز کا اضافہ سامنے آیا۔

گلگت بلتستان میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 1288 سے بڑھ کر 1326 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 24 نئے کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد آزا کشمیر میں مجموعی تعداد 845 سے بڑھ کر 869 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اموات میں 2 کے اضافے سے یہ تعداد 20 سے بڑھ کر 22 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو دیگر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 13 افراد صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 71 ہزار 458 سے بڑھ کر 73 ہزار 471 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 185034

اموات: 3695

صحتیاب: 73478

فعال کیسز: 107868

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 71 ہزار 92 ہیں تو وہیں پنجاب میں 68ہزار 308 تک پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 22 ہزار 633 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 587 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 ہزار 219، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 326 اور آزاد کشمیر 869 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1495

سندھ: 1103

خیبرپختونخوا: 843

بلوچستان: 104

اسلام آباد: 106

گلگت بلتستان: 22

آزاد کشمیر: 22