کھیل

پی ایس ایل: قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں رہائشیوں کو خصوصی کارڈز کے اجرا کا فیصلہ

Share

لاہور: پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران شہری پولیس قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں رہائش پذیر افراد کی نقل و حرکت میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے خصوصی کارڈز جاری کرے گی۔

 رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس ایل میچز کے لیے سیکیورٹی پلان پر نظر ثانی کے لیے سی سی پی او ذوالفقار حمید کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، سی ٹی او ملک لیاقت، ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید، ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل، ایس پی سیکیورٹی بلال ظفر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

حکام نے پریکٹس میچز اور کرکٹرز کی دیگر سرگرمیوں کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر بحث کی۔

سی سی پی او نے سی ٹی او کو ہدایت کی کہ پی ایس ایل کے لیے جامع ٹریفک اور پارکنگ کا منصوبہ مرتب دیا جائے اور شہریوں کے لیے کم سے کم رکاوٹیں یقینی بنائی جائیں۔

سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ‘پی ایس ایل کے دوران اسٹیڈیم کے گرد و نواح کے لوگوں کو رہائشی کارڈز جاری کیے جائیں گے’۔

ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھارہی ہے ‘لاہور کے رہائشیوں کی شراکت ہر طرح سے قابل ستائش ہے’۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے پی سی بی حکام سے تقریب کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کا مرحلہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لیے مہمانوں کی فہرست فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔

اجلاس میں پولیس اور پی سی بی حکام کے درمیان مسلسل رابطے رکھنے پر رضامندی کا اظہار بھی کیا گیا۔