جمالیاتہفتہ بھر کی مقبول ترین

کورونا وائرس: والٹ ڈزنی نے وبا کے باعث ’نیو اواتار‘ ’سٹار وارز‘ اور ’مولان‘ کی ریلیز ملتوی یا منسوخ کر دی

Share

ہالی وڈ کی معروف فلم کمپنی والٹ ڈزنی نے کورونا کی وبا کے باعث اپنی تین بڑی فلموں کی ریلیز منسوخ یا ملتوی کر دی ہے۔ ان فلموں کی ریلیز ملتوی کیے جانے سے پہلے ہی کورونا کے ہاتھوں ستائے سینما مالکان کو ایک بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

ڈزنی کی جانب سے ’نیو اواتار‘ اور ’سٹار وارز‘ فلموں کی ریلیز کو ایک برس کے لیے ملتوی کیا گیا ہے جبکہ ’مولان‘ کو مکمل طور پر ریلیز کرنے کی شیڈول سے ہی نکال دیا گیا ہے۔

فلم مولان پہلے ہی سینماؤں کی بندش کے باعث تاخیر کا شکار تھی اور اسے رواں برس اگست میں ریلیز کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا۔ امریکہ سمیت دنیا بھر میں کورونا کے بڑھتے متاثرین اور عالمی سطح پر فلمی صنعت اور فلم پروڈکشن پر پڑنے والے اثرات نے والٹ ڈزنی کو ان تبدیلیوں پر مجبور کیا ہے۔

ڈزنی فلمز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’یہ واضح ہے کہ اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ہم صحت کے اس بحران کے دوران فلمیں کیسے اور کب ریلیز کر سکتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’اس کا مطلب ہے کہ آج ہم اپنی فلم مولان کو ریلیز کرنے کے منصوبے کو روک رہے ہیں تاکہ ہم یہ جائزہ لے سکیں کہ ہم کیسے دنیا بھر کے شائقین کے لیے اس کو بہتر طور پر پہنچا سکتے ہیں۔‘

والٹ ڈزنی کی تین بڑی فلموں کی ریلیز کو ملتوی یا منسوخ کیے جانے کی خبریں پہلے سے وبا کے باعث مشکل معاشی حالات سے لڑتے سینما مالکان کے لیے ایک نیا صدمہ ہے۔

یہ امید کی جا رہی تھی کہ فلم مولان کی رواں برس اگست کے آواخر میں ریلیز سے شائقین کو سنیما گھروں تک لانے میں مدد ملے گی۔ فلم اواتار کے سلسلے کی فلم اب دسمبر 2022 میں سنیما گھروں کی زنیت بنے گی جبکہ سٹار وارز کی اگلی فلم اب دسمبر 2023 میں ریلیز کی جائے گی۔

وارنر برادرز
،تصویر کا کیپشنڈزنی کی جانب سے فلم مولان کی ریلیز میں تاخیر کے فیصلے کے بعد وارنر برادرز نے بھی اگست میں ریلیز ہونے والی کرسٹوفر نولان کی تھرلر فلم ٹینٹ کی ریلیز ملتوی کر دی ہے

جمعرات کو امریکہ میں سنیما گھروں کی چین اے ایم سی اور سینے ورلڈ نے ملک میں سنیما گھر کھولنے کی تاریخ کو جولائی سے آخر سے بڑھا کر اگست کے وسط تک کر دیا ہے۔

امریکہ میں سینما گھروں کی دو بڑی مارکیٹیں لاس ایجنلس اور نیو یارک سٹی کا ابھی سنیما دوبارہ کھولنے کے متعلق کوئی حتمی منصوبہ نہیں ہے۔ البتہ انگلینڈ میں سینما گھروں کو چار جولائی سے دوبارہ کھول دیا گیا ہے تاہم اس میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصولوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

شمالی امریکہ میں بھی سینما گھروں کو کھولنے کے متعلق غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔

چین جو کہ دنیا میں فلمی صنعت کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے وہاں چھ ماہ بند رہنے کے بعد رواں ہفتے سے سینما گھر سماجی دوری کے اصولوں کے تحت کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔

فلمی صنعت کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان موجودہ کشیدہ صورتحال میں مولان فلم کی ریلیز میں تاخیر ہو جانا دراصل ڈزنی کے لیے ایک طرح سے اچھا بھی ہے۔

چین اور امریکہ کے کاروبار خصوصاً ہالی وڈ فلمی سٹوڈیوز کے مابین طاقت کی جدوجہد کے بارے میں ایک کتاب ’فیڈنگ دا ڈریگن‘ کے مصنف کرس فینٹن ہیں کا کہنا ہے کہ ’کوئی بھی ایسی فلم جو چین کے افسانوں پر مبنی ہو اور چین میں بنی ہو اور چینی چہروں سے بھری ہو، ایسی کوئی بھی فلم چین مخالف جذبات کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے امریکہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکتی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’چین میں بھی امریکہ اور اس کی مصنوعات مخالف جذبات کے پیش نظر اسی طرح کے ردعمل کی توقع ہے اور مولان بھی ان امریکی مصنوعات میں سے ایک ہے۔‘

ڈزنی کی جانب سے فلم مولان کی ریلیز میں تاخیر کے فیصلے کے بعد وارنر برادرز نے بھی اگست میں ریلیز ہونے والی کرسٹوفر نولان کی تھرلر فلم ’ٹینٹ‘ کی ریلیز ملتوی کر دی ہے۔ جبکہ سینما گھر مالکان ان دونوں فلموں سے موسم گرما میں کمائی کی آس لگائے بیٹھے تھے۔

اواتار ٹو اگلے سال کی سب سے بڑی فلم ہو سکتی ہے۔ یہ جیمز کیمرون کی سنہ 2009 میں بنائی گئی فلم اواتار کا سیکوئل ہے جو کہ اب تک سب سے کمائی کرنے والی دوسری بڑی فلم ہے۔

ڈزنی کی جانب سے ایک اور فلم کی ریلیز میں تاخیر کا کہا گیا ہے جو رڈلی سکاٹ کی تاریخی تھرلر ’دی لسٹ ڈوئل‘ ہے جس میں بین ایفلیک اور میٹ ڈیمن نے اداکاری کی ہے۔ اس فلم کی ریلیز کو رواں برس دسمبر سے اکتوبر 2021 تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔