برمنگھم ٹیسٹ کی گراؤنڈ میں انگلینڈ 8 سال سے ناقابل شکست

برمنگھم: انگلینڈ خوش بخت گراؤنڈ ایجبسٹن میں8 برس سے ناقابل شکست ہے، اس میدان میں گذشتہ 10 میچز میں اس کی جیت ہار کا تناسب 6-1 رہا، آخری مرتبہ اسے 2008 میں جنوبی افریقہ نے قابو کیا تھا۔ یہ انگلینڈ کا اپنی سرزمین پر 500 واں ٹیسٹ ہوگا، اس وینیو پر پاکستان ٹیم کے خلاف میزبان سائیڈ اب تک ناقابل شکست رہی ہے، آخری مرتبہ اس نے گرین کیپس کو یہاں 2010 میں 9 وکٹ سے زیر کیا تھا، جب پوری مہمان ٹیم پہلی باری میں 72 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، پہلے سیشن میں صرف 37 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے، تب انگلش فاسٹ اٹیک جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور اسٹیون فن پر مشتمل تھا۔ دریں اثنا ٹیسٹ وکٹوں کی ففٹیز کیلیے دوپاکستانی فاسٹ بولرز میں دوڑ شروع ہوگئی، وہاب ریاض کومزید 2 اور راحت علی کو 4 شکارکی ضرورت ہے۔ دوسری جانب انگلش کپتان الیسٹرکک کو ٹیسٹ کرکٹ میں30 سنچریاں مکمل کرنے کیلیے مزید ایک تھری فیگر اننگز کی ضرورت ہوگی۔ باہمی سیریز میں پاکستان کے خلاف ایک سیریز میں سب سے زیادہ 23 وکٹیں لینے کا اعزاز جیمز اینڈرسن کے پاس ہے، رواں سیریز کے ابتدائی دو میچز میں کرس ووئکس 18 وکٹیں لے چکے ہیں۔ آخری مرتبہ ایجبسٹن پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 2005 میں کامیابی حاصل کی تھی، تب پہلے دن 79.2 اوورز میں 407 رنز بنانے والی انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کو صرف دو رنز سے زیر کیا تھا :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *