ہیڈلائن

کورونا وائرس: ملک میں 2 لاکھ 94 ہزار 392 مریض شفایاب، فعال کیسز 7 ہزار سے بڑھ گئے

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم کچھ روز سے مختلف مقامات خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں کیسز کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہورہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 217 ہے جس میں سے 2 لاکھ 94 ہزار 392 مریض شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 437 کا انتقال ہوا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق ملک میں 24 ستمبر کی صبح تک مزید 396 مریضوں اور 3 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں بلوچستان کے 163 اور خیبرپختونخوا کے 52 کیسز ایسے بھی تھے جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے تاہم رپورٹ آج ہوئے۔

اس اضافے سے بلوچستان کے مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 765 اور خیبرپختونخوا کے 37 ہزار 470 ہوگئی۔‎

اگر ملک میں اس عالمی وبا کی بات کی جائے تو اس کا آغاز 26 فروری 2020 کو ہوا تھا، جس کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا جبکہ اس کے بعد دیگر شعبوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

ان پابندیوں کا مقصد لوگوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو رکنا تھا تاہم ابتدا میں وائرس کا پھیلاؤ کم رہا جبکہ اپریل سے اس میں تیزی آنا شروع ہوئی اور پھر مئی اور جون میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی۔

جون میں صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد رپورٹ ہونے لگیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی رپورٹس بھی آئیں تاہم اس کے بعد جولائی میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور لگائی گئی پابندیاں بھی نرم کی گئی۔

بعد ازاں اگست میں یہ پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئی، جس کی وجہ کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونا تھا، جس کے بعد ستمبر میں مزید صورتحال میں بہتری پر تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھول دیا گیا۔

آج (24 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں 84کا اضافہ ہوا جبکہ 2 افراد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان 84 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 98 ہزار 686 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 229 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 42 مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 16 ہزار 288 ہوگئے۔

مزید یہ کہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی تعداد 181 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 30 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 30 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 572 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 25 مریض سامنے آئے۔

ان 10 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 591 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 476 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق شفایاب ہونے والے ان نئے مریضوں کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 94ہزار 392 ہوگئی، جو تقریباً 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 308217

اموات: 6437

صحتیاب: 294392

فعال کیسز: 7388

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 845 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 686 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 470 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 765 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 288، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 572 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 591 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2471

پنجاب: 2229

خیبرپختونخوا: 1258

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 181

گلگت بلتستان: 83

آزاد کشمیر: 70