وزیراعظم نے پاکستان کی عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی

265117_73658107

اسلام آباد ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں جاری توانائی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا ہےدو ہزار اٹھارہ میں توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا ۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت توانائی منصوبوں پر پیشرفت کے جائزہ کیلئے اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری پانی و بجلی و متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے توانائی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ دس سال کی نسبت رواں برس بجلی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا، بجلی کے زیادہ تر منصوبے مارچ 2018 تک مکمل ہو جائیں گے جن میں سے گڈو پاور منصوبے سے 400 ، نندی پور پاور پراجیکٹ سے 125 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی، ایل این جی پلانٹ سے 2400 ، دو ایٹمی پاور پلانٹس سے 650 میگا واٹ بجلی ملے گی ، نیلم جہلم سے 979 اور تربیلا ڈیم توسیعی منصوبے سے 1500 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی ۔ وزیراعظم نواز شریف نے توانائی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر پیشرفت کا خود جائزہ لینے کیلئے سائٹس کے دورے کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائیگا، بجلی پیداوار بڑھنے سے معاشی و صنعتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا :۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *