ایوارڈ یافتہ جاپانی اداکارہ یوکو ٹیکوچی ٹوکیو میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم شبہ ہے کہ دو بچوں کی والدہ ٹیکوچی نے خود کشی کی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے اداکار شوہر ٹائکی نقابایشی کو شیبویا وارڈ میں واقع ان کے گھر پر ملیں تاہم ان کی موت کی تصدیق ہپستال میں ہوئی۔
ایک بیان میں ان کی ٹیلنٹ ایجنسی سٹارڈسٹ پروموشن نے کہا ہے کہ ’یہ خبر حیران کن اور غمگین ہے۔‘
40 برس کی یوکو ٹیکوچی کو سنہ 1998 کی جاپانی ڈراؤنی فلم ’رنگو‘ میں اپنے کردار کے لیے جانا جاتا تھا، جسے ہالی ووڈ نے سنہ 2002 میں فلم ’دا رنگ‘ کے طور پر ڈھالا تھا۔
انھوں نے 2018 میں ایچ بی او کی سیریز ’مس شرلاک‘ میں ایک خاتون شرلاک ہومز کا کردار بھی اداد کیا تھا جسے امریکہ سمیت متعدد ممالک میں نشر کیا گیا۔
سنہ 2004 سے 2007 کے درمیان لگاتار تین سال تک یوکو ٹیکوچی نے جاپان کے اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا اعزاز حاصل کیا۔
اگرچہ ٹیکوچی کے معاملے میں ابھی تک خودکشی کی تصدیق نہیں ہو سکی لیکن حال ہی میں متعدد جاپانی سٹارز نے خود کشی کی ہے۔ جن میں اس ماہ کے شروع میں اداکارہ سی اشینہ، جولائی میں اداکار ہروما میورا اور مئی میں ریسلنگ سٹار ہانا کمورا شامل ہیں۔
جاپان میں خودکشی کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے لیکن عالمی ادارہ صحت کے مطابق سنہ 2015 میں انسدادی اقدامات متعارف کروانے کے بعد سے جاپان میں خودکشی کے اعداد و شمار میں کمی آئی ہے۔