Site icon DUNYA PAKISTAN

امجد اسلام امجد کیلئے ترکی کا اعلیٰ ثقافتی اعزاز

Share

کراچی: پاکستان کے معروف ادیب و شاعر امجد اسلام امجد کو ترکی کے اعلیٰ ثقافتی اعزاز سے نواز دیا گیا۔

 رپورٹ کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں ایک تقریب کے دوران امجد اسلام امجد کو نجیب فاضل انٹرنیشنل کلچر اینڈ آرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پر تقریب میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

سالانہ ایوارڈ کی تقریب ترکی کے مقبول اخبار اسٹار اور وزارت ثقافت اور سیاحت نے مشترکہ طور پر منعقد کی تھی۔

واضح رہے کہ یہ تقریب ترکی کے مشہور قلم کار، شاعر و ادیب نجیب فاضل کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔

تقریب میں ترک صدر نے امجد اسلام امجد کو سراہتے ہوئے کہا کہ امجد اسلام امجد جدید دور میں اردو ادب کے سب سے اہم شاعر ہیں، ان کا شمار پاکستان کی نامور شخصیات میں کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکی کا انتہائی قریبی دوست ہے، دونوں کے تعلقات باہمی مفاد پر مبنی ہیں لیکن دونوں ممالک کی دوستی اخلاص اور یکجہتی سے جڑی ہے۔

اس موقع پر امجد اسلام امجد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعزاز ملنے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ترکی ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے، ترک صدر کے ہاتھوں یہ اعزاز ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے’۔

واضح رہے کہ امجد اسلام امجد اس سال تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے والے واحد غیر ملکی تھے۔

علاوہ ازیں ترکی کے لیے پاکستان کے سفیر سائرس قاضی نے معروف ادیب و شاعر کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ ایوارڈ امجد اسلام امجد کی اردو ادب کے لیے بہترین خدمات کا اعتراف ہے۔

تقریب میں سائرس قاضی نے پاکستان اور اس کے لوگوں کے لیے ترک قیادت اور عوام کی محبت، پیار اور احترام پر بھی روشنی ڈالی۔

Exit mobile version