Site icon DUNYA PAKISTAN

شیاؤمی کے 144 ہرٹز ڈسپلے والے اولین فونز متعارف

Share

شیاؤمی نے اپنے نئے فلیگ شپ فون می 10 ٹی اور 10 ٹی متعارف کرادیئے ہیں جو اس کمپنی کی پہلی ایسی ڈیوائسز ہیں جن میں 144 ہرٹز ڈسپلے ریفریش ریٹ دیا گیا ہے۔

شیاؤمی کے یہ فلیگ شپ فونز فیچرز کے لحاظ سے مناسب اور قیمت کے اعتبار سے دیگر کمپنیوں کے فلیگ شپ فونز سے کافی سستے ہیں۔

دونوں فونز میں 6.67 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس کے ریفریش ریٹ کا ذکر اوپر ہوچکا ہے۔

مگر کمپنی کی جانب سے ریفریش ریٹ کے مختلف موڈز بھی دیئے گئے ہیں جیسے فلموں کے لیے 48 ہرٹز، ریگولر ویڈیو کے لیے 60 ہرٹز، جس کے ساتھ 90 اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے آپشن بھی موجود ہیں۔‎

فوٹو بشکریہ شیاؤمی

ڈسپلے کے لیے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 5 کا استعمال کیا گیا جبکہ بیک کور کو بھی گوریلا گلاس 5 شیٹس سے کور کیا گیا ہے۔

دونوں فونز میں اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی 12 سے کیا گیا ہے۔

دونوں فونز میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کرتی ہے۔

اس کے علاوہ دونوں ڈیوائسز میں اسٹیریو اسپیکرز، ہائی ریزولوشن ریڈیو سرٹیفکیشن اور ایکس ایکسیز لائنر وائبر موٹرز جیسے فیچرز بھی ایک جیسے ہیں۔

دونوں میں نمایاں فرق ریم، اسٹوریج اور قیمت کا ہے۔

می 10 ٹی میں 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ 10 ٹی پرو میں 8 جی بی ریم کے ساتھ 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن موجود ہیں۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی

یہ دونوں 5 جی فونز ہیں جن میں ڈوئل سم سلاٹس، وائی فائی سکس اور آئی آر بلاسٹرز جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔

می 10 ٹی پرو میں مین کیمرا 108 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے جس کے ساتھ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن، 8 کے ویڈیو ریکارڈنگ جیسے فیچرز دیئے گئے ہیں۔

دوسرا 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا جبکہ تیسرا 5 میگا پسکل میکرو کیمرا ہے۔

فون کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جو ایچ ڈی آر، نائٹ موڈ اور 120 فریم فی سیکنڈ سلوموشن ویڈیو سپورٹ کرتا ہے۔

می 10 ٹی کے کیمرے بھی لگ بھگ ایسے ہی ہیں بس اس میں مین کیمرا 108 میگا پکسل کی بجائے 64 میگا پکسل کا ہے، باقی سب کیمرے می 10 ٹی پرو جیسے ہی ہیں۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی

می 10 ٹی کے 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت 499 یورو (97 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ورژن کی قیمت 549 یورو (ایک لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

می 10 ٹی پرو کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 599 یورو (ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 649 یورو (ایک لاکھ 26 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔

یہ دونوں فونز پہلے یورپ میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں جس کے بعد جلد دیگر ممالک میں بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

Exit mobile version