پاکستان

ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کے سربراہ کا منصب سنبھال لیا

Share

پاک بحریہ کے سابق سربراہ ظفر محمود عباسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایڈمرل امجد خان نیازی نے چیف آف نیول اسٹاف (سی این ایس) کا عہدہ سنبھال لیا۔

پاک بحریہ کی کمان کی تبدیلی پروقارتقریب نیول ہیڈکوراٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل (ر) ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے خطاب کرتے ہوئے نئے نیول چیف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالیتحریر جاری ہے‎

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے نیول چیف محمود عباسی نے کہا کہ ایڈمرل امجد خان نیازی کا کیریئر شاندار ہے اور اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ پاک بحریہ کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔

ظفر محمود عباسی نے کہا کہ بطور نیول چیف اپنے دور میں ان کی خصوصی توجہ پیشہ ورانہ مہارت اور لڑنے کی تیاری پر رہی۔

پاک بحریہ کی ترقیاتی حکمت عملی کا مکمل جائزہ فراہم کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے نیول چیف نے کہا کہ یہ ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز سے منسلک ہیں۔

ظفر محمود نے عباسی نے کہا کہ نیول فورس کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے 50 سے زائد جہازوں بشمول 20 بڑے جہازوں کا فلیٹ شامل کرنے کا ارادہ ہے، انہوں نے بتایا کہ 4 چینی فیریگیٹس آئندہ برس جبکہ 4 ترکش میڈیم کلاس جہاز 2023 سے 2025 کے درمیان بحری بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔

سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ چین کے تعاون سے ہنگور سبمرین منصوبے پر بہتر پیش رفت ہورہی ہے جس میں 4 آبدوزیں چین اور 4 پاکستان میں تیار کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آبدوزیں آئندہ چند برسوں میں پاکستان کو دے دی جائیں گی، یہ منصوبہ ہمیں آبدوز چلانے والی نیوی سے آبدوز بنانے والی نیوی میں تبدیل کردے گا۔

بعدازاں ایڈمرل (ر) ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ بن گئے۔

ایڈمرل امجد خان نیازی کا پس منظر

خیال رہے کہ نئے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور پاکستان نیول اکیڈمی میں ابتدائی تربیت حاصل کرنے کے بعد اعزازی شمشیر بھی حاصل کی تھی۔

انہوں نے مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر اپنے فرائض انجام دیے، کمانڈ میں ان کی تعیناتی جہاں ہوئی ان میں پاکستان فلیٹ کمانڈر، پی این ایس بدر اور پی این ایس طارق کے کمانڈنگ آفیسر، 18 ڈسٹرائیر کمانڈر، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج/کمانڈر سینٹرل پنجاب لاہور شامل ہیں۔

ان کی سابق تعیناتیوں میں چیف آف نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری، ایف-22 پی مشن چائنا کے سربراہ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن) اور ڈائریکٹر جنرل آف نیول انٹیلیجنس شامل ہے۔

وہ آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں جبکہ بیجنگ کی یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹروناٹکس سے انڈر واٹر اکوسٹکس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

ایڈمرل امجد خان نیازی کو ستارہ امتیاز (فوجی) اور ستارہ بسالت بھی مل چکا ہے جبکہ انہیں حکومت فرانس نے فرانسیسی اعزاز چیولیئر (نائٹ) سے بھی نوازا گیا تھا۔